جہلم

پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے عمران خان کی حمایت کی ہے۔ چوہدری فراز حسین

جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی جنرل سیکرٹری چوہدری فراز حسین نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی مارچ کو بروقت ختم کرکے ہمارے قائد عمران خان نے ملک کو بڑے انتشار سے دوچار ہونے سے بچا لیاکیونکہ امپورٹڈ حکمرانوں نے جس انداز سے آنسو گیس چلوائی ، شیلنگ کی اور سیاسی کارکنوں کو جس بے رحمی سے گرفتار کیا گیا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹر یٹ ضلع کچہری میں اخبار نویسوں سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر اسی ردِ عمل کا اظہار کر تے تو کارکنوں کو کنٹرول کرنا ان حکمرانوں کے بس میں نہ ہوتا عمران خان نے قوم کو حقیقی آزادی کا جو خواب دکھایا ہے اس کی تعبیر پانے کے لئے قوم باہر نکلی اگر عمران خان کو روکا جاتا تو آج حالات مختلف ہوتے۔

چوہدری فراز حسین نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام نے عمران خان کی حمایت کی ہے اور انہیں سیاسی نجات دہندہ قرار دے رکھاہے قومی وسائل تباہ کرنے والوں کے ارادے عوام نے امریکہ میں پاکستانی سفیر کے اس خط میں دیکھ لئے جس میں عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے سے ہٹانا تھا امریکی کارندے اب قوم کو غلام نہیں بنا سکتے ، کیونکہ عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں نے عوام کو روشنی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیر قانونی انداز سے گورنرکو ہٹایا گیا، جہلم شہر بنیادی سہولتوں سے محروم کر دیا گیا ہے ، لوڈ شیڈنگ شہریوں کے لئے عذاب بنی ہوئی ہے ، سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ کیوجہ سے لوگ پہلے ہی پریشان ہیں ،الٹا ذرا سی بات پر حکمران کنٹینروں سے سڑکیں بند کر دیتے ہیں، اگر آئندہ کنٹینرز لگائے تو پی ٹی آئی کارکنان انہیں خود ہٹا کر عوام کے لئے راستے کھولیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے قائد عمران خان سے کہا ہے کہ عوام وہ تبدیلی چاہتے ہیں جس میں انصاف ،روزگار، امن ہو لیکن موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی کے ریکارڈ توڑنا شروع کر دیئے ہیں ایک ساتھ 30 روپے فی لیٹر پٹرول ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمت بڑھانا ظلم کے مترادف ہے ،جو صرف ن لیگ کی حکومت ہی کر سکتی ہے۔

فراز چوہدری نے کہا کہ گزشتہ روز تک ہمارے کارکنان جہلم سمیت پنجاب بھر کی جیلوں میں پابند سلاسل تھے ان کا قصور صرف یہ تھا کہ وہ اپنے قائد کے حکم پر ڈی چوک پہنچنا چاہ رہے تھے۔ لیکن ہم اپنے کارکنان کو کہیں بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، ہمیں اپنے ملک کی ترقی کے لئے کرپشن سے نجات حاصل کرنا ہوگی اور عمران خان ہی ملک کو کرپشن سے چھٹکارہ دلواسکتے ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button