جہلماہم خبریں

ملک کو ناقابل تسخیر بنانے میں نواز شریف نے اہم کردار ادا کیا۔ لال حسین، چوہدری راشد گھرمالہ

جہلم:  28 مئی جہلم سمیت پاکستان بھر میںیوم تکبیر ملی جوش و جذبے سے منایا گیا، 24 سال قبل آج ہی کے دن وطن عزیز نے اسلامی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کی ، پاکستان نے بھارتی ایٹمی دھماکوں کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اپنی جوہری طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ 28مئی 1998ء کو پاکستان نے بلوچستان کے علاقے چاغی میں دھماکوں کے ذریعے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کا جواب دیا۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنما سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لال حسین ، پی ایم ایل این تحصیل جہلم کے صدر چوہدری راشد گھرمالہ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ سول لائن روڈ جہلم میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کے بعد پاکستان نے مسلم دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا اور اسی دن کو "یوم تکبیر’’ کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔پاکستان نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے بعد ایسے کئی میزائل بھی بنائے اور کامیاب تجربات کیے جو ایٹمی ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان نے پہلی مرتبہ 1998 میں 3، 3 ہفتوں کے وقفے سے ایٹمی ہتھیاروں کے تجربات کیے تھے۔ ڈاکٹرعبدالقدیر خان کے مطابق پاکستان کے جوہری سائنسدانوں نے 1984 میں جوہری بم تیار کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی تھی۔ مئی 1998ء میں جب ہندوستان نے جوہری تجربات کیے تو پاکستان کے لیے کوئی چارہ کار نہیں رہا کہ وہ بھی جوہری تجربات کرے اور یوں پاکستان بھی جوہری طاقتوں کی صف میں شامل ہوا۔

چوہدری راشد گھرمالہ نے کہا کہ ملک کو ناقابل تسخیر بنانے میں میاں محمد نواز شریف نے اہم کردار ادا کیا اور 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کر کے قوم کی تاریخ بدل دی تاریخ گواہ ہے کہ اغیار کو خوش کرنے کیلیے ملک کے محسنوں کے خلاف بے بنیاد من گھڑت جھوٹے مقدمات درج کرکے شہرت کو نقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں کی گئیں ۔ میاں محمد نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے نہ صرف پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کیا بلکہ پوری اسلامی دنیا کا وقار بلند ہوا اور میاں محمد نواز شریف ہمارے قومی ہیرو ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button