جہلم

این ایچ اے کی عدم دلچسپی، جی ٹی روڈ گڑھوں میں تبدیل، شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں

جہلم: این ایچ اے کی عدم دلچسپی، جی ٹی روڈ گڑھوں میں تبدیل ، شہریوں کی قیمتی گاڑیاں کھٹارہ بننے لگیں، این ایچ اے نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل سے لا تعلقی اختیار کر لی۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث جی ٹی روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی کا شکار ہوچکی ہے، جی ٹی روڈ پر چلنے والی گاڑیوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

جی ٹی روڈ پر سفر کرنے والے ٹرانسپورٹرز و مسافروں نے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عرصہ دراز سے جی ٹی روڈ کی مرمت اور دیکھ بھال نہیں کی جا رہی جبکہ حالیہ بارشوں سے دریائے جہلم پل سے مسہ کسوال کے درمیاں متعدد جگہوں پر سڑک گڑھوں میں تبدیل ہو کرخستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے جبکہ چھاؤنی چوک، جادہ، پیر شہاب، دینہ اور سوہاوہ کے مختلف مقامات پر سڑک کی دونوں سائیڈ زمین میں دھنس چکی ہیں۔

این ایچ اے انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فی الفور جی ٹی روڈ کی مرمت کی طرف توجہ دیں کیونکہ این ایچ اے انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر جی ٹی روڈ پر قائم ٹول پلازوں سے لاکھوں کروڑوں روپے ٹیکس کی مد میں وصول کر رہے ہیں لیکن سڑکوں پر پھوٹی کوڑی بھی نہیں لگائی جا رہی۔

شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیاہے کہ این ایچ اے کے ارباب اختیار کو جی ٹی روڈ کی تعمیر و مرمت کرنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کے مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button