جہلم

پنجاب حکومت نے پی ڈی ایف اخبارات کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کر دیں

جہلم: پنجاب حکومت نے پی ڈی ایف اخبارات کیخلاف کارروائی کی ہدایات جاری کر دیں۔

محکمہ تعلقات عامہ نے غیر مطبوعہ اخبارات کی فہرستیں تیار کرکے ڈمی اخبارات کے مالکان کیخلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے ، معلوم ہوا ہے کہ جو اخبارات پرنٹ نہیں ہوتے اور پروڈکشن ہاؤسز میں تیار ہو کر صرف سوشل میڈیا کی زینت بنتے ہیں ان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کے لئے حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

کہا گیا ہے کہ ایسے اخبارات کی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں جن کے نمائندگان مقرر کرکے انہیں پریس کارڈ جاری کر دیئے جاتے ہیں ایسے اخبارات غیر معیاری جھوٹی اورمن گھڑت خبروں سے بھرے ہوتے ہیں ، چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا جا رہاہوتاہے ، شرفاء کی پگڑیاں اچھالی جارہی ہوتی ہیں ، اس غیر پیشہ وارانہ روئیے کی حوصلہ شکنی کے لئے پنجاب حکومت نے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ پریس اینڈ پبلیکیشنز آرڈیننس کے تحت اخبارات کی پرنٹنگ انتہائی ضروری ہے اور ایک ماہ میں کم از کم 16 شماروں کی پرنٹنگ اور سرکولیشن ضروری ہے ، دیگر ذرائع سے اخبارات کی تیاری سائبر کرائم کے زمرے میں آتی ہے۔

ذرائع کے مطابق محکمہ تعلقات عامہ پنجاب نے اپنے تمام ضلعی دفاتر (ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرز) کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ایسے اخبارات و جرائد کی فہرستیں تیار کریں ، جو شائع نہیں ہوتے بلکہ صرف پی ڈی ایف تک محدود ہیں۔ دوسری جانب اخبارات و جرائد کے پرنٹرز اور پبلشرز کو ہدایت کی جارہی ہے کہ وہ اپنے قریبی دفتر میں اخبارات کے شمارے جمع کروا نے کے پابند ہونگے ۔

محکمہ تعلقات ِ عامہ کے ذرائع نے بتایا کہ محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے کسی ایسے اخبار کے نمائندے کو سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی جو باقاعدہ شائع نہیں ہو رہے اور صرف پی ڈی ایف تک یا سوشل میڈیا تک محدود ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button