جہلم

لاہور پریس کلب کے باہر صحافی کا قتل، جہلم کی صحافی برادری کی جانب سے پرامن احتجاجی مظاہرہ

جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی لاہورپریس کلب کے باہر نجی ٹی وی چینل کے رپورٹرکے بہیمانہ قتل کے خلاف صحافی برادری کی جانب سے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور صحافیوں کا قتل بند کرو کے نعرے بلند کئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور پریس کلب کے باہر نجی چینل کے رپورٹر کا بہیمانہ قتل کے خلاف ملک بھر کی صحافی برادری کی طرح جہلم پریس کلب کے صحافیوں نے بھی پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت صدر جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود نے کی احتجاج میں صحافیوں نے بھرپور شرکت کی اور ہاتھوں میں پلے کارڈ ز بھی اٹھا رکھے تھے صحافیوں کا قتلِ عام بند کرو کے نعرے بھی لگائے گئے۔

اس موقع پر صدر جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود ، نائب صدر مرزا راحیل بیگ، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد ریاض گوندل ،جائنٹ سیکرٹری سہیل کیانی ، فنانس سیکرٹری سید ناصر حسین شاہ، میڈیا کوآرڈینٹر محمد شہباز بٹ، صدر میڈیا ون مرزا قدیر بیگ ، جنرل سیکرٹری چوہدری مہربان حسین ، صدر الیکٹرانک میڈیا ، امتیاز بیگ، جنرل سیکرٹری عامر کیانی ، صدر پرنٹ میڈیا میاں محمد ساجد، جنرل سیکرٹری ندیم ساجد مغل نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور جیسے شہر میں پریس کلب کے باہر صحافی حسنین شاہ کا قتل پنجاب حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ،جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزادی جائے تاکہ صحافی آزادانہ طور پر جرائم پیشہ عناصر اور عوامی مسائل کو اجاگر کر سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button