جہلم

مون سون سیزن؛ بارشوں سے ڈینگی کی افزائش میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم

جہلم: ڈپٹی کمشنر کامران خان کی زیر صدارت ضلع بھر میں انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات نے انسداد ڈینگی اقدامات اور پیشگی منصوبہ بندی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جہلم میں 19 ڈینگی مثبت سائٹس رپورٹ ہوئی ہیں جن میں 14 آؤٹ ڈور جبکہ 5 انڈور ہیں، انہوں نے بتایا کہ رواں سال ڈینگی کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، محکمہ ہیلتھ کی ٹیمیں مؤثر انداز میں ڈینگی سرویلنس کر رہی ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مون سون سیزن کے دوران ہونے والی بارشوں سے ڈینگی کی افزائش میں اضافہ ہو سکتا ہے لہٰذا سرویلنس کے عمل کو مزید بہتر کیا جائے، جہاں کہیں لاروا برآمد ہوتا ہے اسے فوری تلف کیا جائے۔

انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ دفاتر کی چھتوں سمیت کسی بھی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیں، دفاتر کی صفائی روزانہ کی بنیاد پر کروائیں۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کے حکام کو ہدایت کی کہ ڈینگی پر مامور ٹیموں کی حاضری سو فیصد یقینی بنائی جائے، ڈینگی سرویلینس ٹیمیں مسجدوں، قبرستان و دیگر مقامات کی سرویلنس بھرپور انداز میں جاری رکھیں تاکہ کسی بھی مقام پر ممکنہ ڈینگی لاروا کی افزائش نہ ہو سکے۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button