جہلم

پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کی نئی لہر آگئی

جہلم: پٹرولیم مصنوعات ، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مہنگائی کی نئی لہر آگئی،عام گھی 270 ، درجہ اول گھی 300، چینی 110، آٹا15 کلو تھیلا1020 روپے میں فروخت ہو رہاہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تندروں پر روٹی کی قیمت 7 روپے مقرر کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر رکھا ہے ، جبکہ روٹی 10 روپے اور نان 12 میں فروخت کیا جارہاہے ، تندور مالکان نے نرخ نامے آویزاں کرکے انتظامیہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال رکھی ہیں۔

تندور مالکان سے جب من مانی قیمتوں کے بارے دریافت کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ سے15 کلو والا آٹے کا تھیلا1020 روپے میں خرید کر وہ کسی طور پر روٹی 7 روپے میں فروخت نہیں کر سکتے حالانکہ تندور مالکان 20 کلو والے آٹے کا تھیلا 860 روپے میں خرید کرجس میں 5 کلو میدہ شامل کرکے شہریوں کی چمڑیاں ادھیڑنے میں مصروف ہیں۔

دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیاہے رواں ماہ یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔یوٹیلٹی سٹورز پر مصالحہ جات، اچار، مشروبات اور صابن سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔ مشروبات کی بوتل 30 روپے اور مصالحہ جات 40 روپے تک مہنگے، شیمپو کی بوتل 11 روپے جبکہ کپڑے دھونے کا پاوڈر 5 روپے تک مہنگا کر دیاگیا ہے ۔

حکومت کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق 100 گرام مرچ پاؤڈر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ مختلف اچار کے ڈبوں کی قیمت میں 60 روپے تک اضافہ ہواہے، مشروبات کی بوتل 30 روپے مہنگی اور مصالحہ جات 40 روپے تک مہنگے کرکے فروخت کئے جارہے ہیں ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button