راچڈیل ٹاؤن ہال پر یوم آزادی کی تقریب، میئر آف راچڈیل ائین ڈکورتھ نے پاکستان کا پرچم لہرایا

0

راچڈیل: 23مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد راچڈیل ٹاؤن ہال میں کیا گیا جس میں مئیر آف راچڈیل آئن ڈکورتھ اور دیگر کمیونٹی شخصیات نے قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم لہرایا۔

ان تاریخی لمحات کے موقع پر پاکستانی کشمیری ایسوسی ایشن کے تمام عہدیدار اور ٹاؤن ہال کے افسران میئر آف راچڈیل ائن ڈکورتھ، ممبر پارلیمنٹ ٹونی لائیڈ ، ڈپٹی مئیر کونسلر محمد زمان خان، کونسلر شاہ وزیر اور دیگر انگریز و پاکستانی کمیونٹی رہنما شریک ہوئے۔ راچڈیل ٹاؤن ہال کی عمارت پر جیسے ہی پاکستانی پرچم قومی ترانے کے ساتھ لہرایا گیا، خواتین بچوں سمیت تمام شرکا نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

پاکستانی پرچم کشائی کے موقع پر راچڈیل کے میئر کونسلر آئن ڈکورتھ نے کہا کہ یہ خوشی کا موقع ہے کہ ہم اپنے دوست ملک پاکستان کا قومی دن منا رہے ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر ہے، اس کے لئے پاکستانیوں کی بڑی قربانیاں ہیں، انہوںنے برطانیہ خصوصاً راچڈیل میں پاکستانی کمیونٹی کو مبارکباد دی، اور کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔

ممبر پارلیمنٹ ٹونی لائیڈ نے راچڈیل میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یوم پاکستان کے حوالے سے مبارکباد دی اور کمیونٹی کے مسائل کے حل میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

پرچم کشائی کے موقع پر چیئرمین پاکستانی کشمیری ایسوسی ایشن مدثر یاسین نے کہا کہ ہم پاکستان کی آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و بربریت کی مذمت کرتے ہیں اور ان کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

یوم آزادی راچڈیل کی تقریبات کے سلسلے میں ڈپٹی مئیر کونسلر زمان خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے ساتھی کونسلروں اور مقامی کشمیری اور پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ طویل مشاورت کے بعد اس سال کے یوم آزادی کی تقریبات کو نئی نسل کو مقاصد قیام پاکستان سے آگاہ کرنے اور قیام پاکستان کے لئے لاکھوں جانوں کے نذرانوں اور مشکلات سےآ گاہ کرنے کے حوالے سے منایا ہے تاکہ نوجوان نسل کو پاکستان کی قدرو قیمت کا اندازہ ہو سکے۔

مئیر آف راچڈیل ائین ڈکورتھ، ممبر پارلیمنٹ ٹونی لائیڈ، ڈپٹی مئیر زمان خان، کونسلر افتخار، کونسلر شکیل، کونسلر عدالت علی، طاہر بشیر، پیر عبید اللہ، چیئرمین کونسل آف ماسک محمد طاہر اور دیگر کمیونٹی عمائدین سمیت بڑی تعداد میں انگریز کمیونٹی اور بڑی تعداد میں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ بڑے شہروں جہاں پاکستانی قونصلیٹ ایسی تقاریب منعقد کرتے ہیں راچڈیل برطانیہ کو وہ واحد ٹاؤن ہے جہاں کونسل کی سطح پر پرچم کشائی کی تقریب کا ہر سال انعقاد کیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.