جہلماہم خبریں

بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ماؤں کو انتہائی توجہ دینا ہو گی۔ نگہت پروین میر

جہلم: بچوں کی حفاظت والدین اور اساتذہ کی ذمہ داری ہے جس کے بعد یہ ذمہ داری ریاست پر عائد ہو تی ہے اپنے بچوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے ماؤں کو انتہائی توجہ دینا ہو گی تاکہ ملک بھر کے بچو ں کو تحفظ مل سکے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غرباء ، مسکینوں کو امداد مل رہی ہے جس میں اب رجسٹرڈ افراد کے بچوں کو سکولز میں داخل کروانے پر اضافی امداد بھی ملے گی۔

یہ بات ایم این اے نگہت پروین میر نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تحصیل جہلم کے تحت منعقدہ بچوں کے تحفظ کی مہم بارے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مرکزی دفتر میں منعقد ہونے والی اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے نگہت میر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سابق دور حکومت میں یہ مفید منصوبہ شروع کیا گیا جس کو ہماری حکومت نے نہ صرف جاری رکھا بلکہ اس کو مزید بہتر کرنے کیلئے سروے بھی کروایا ، اب ایک نیا سروے ہو گا جس میں جو لوگ رہ گئے ہیں ان کو شامل کرکے اس کادائرہ وسیع کیا جائے گا جس میں تعلیمی وظائف ، مالی امداد اور بیوگان کی مدد کی جائے گی ممبر قومی اسمبلی نے کہا کہ پروگرام کی انچارج ماروی میمن سے اس ادارے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی ہے اور ان کو مزید تجاویز پیش کی جائیں گی ۔

ممبر قومی اسمبلی نگہت پروین میر نے کہا کہ مائیں اپنے بچوں کو اخلاقی تربیت دیں اور ان کو اچھے برے کے بارے میں آگاہی دیں ۔وزیر اعلی پنجاب نے ماوں بچوں کی صحت اور تعلیم کیلئے جتنے اقدامات کئے ہیں اتنے کسی نے نہیں کئے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم نے کہا کہ کم آمدنی والے لوگوں کے الگ ادارہ اسی لئے بنایا گیا کہ ان کی امداد کی جاسکے۔ آج اسی ادارے کے تحت بچوں کے تحفظ کی مہم چلائی جارہی ہے جس میں آپ کی آگاہی کیلئے یہ پروگرام بنایا گیا ہے ملک میں بڑھتے ہوئے زیادتی اور بدفعلی کے واقعات کے ذمہ داروں کو سنگسار کرنا ضروری ہے تاکہ ایسے واقعات کا تدارک کیا جاسکے ۔

چوہدری ندیم خادم نے بتایا کہ سروے کیلئے جہلم سے 200سے زائد خواتین کو چھ ماہ کے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جارہا ہے جس کیلئے فائل ورک مکمل ہو چکا ہے جو نئے سروے کیلئے محکمہ کی مدد گار ثابت ہوں گی ۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر جہلم عامر مسعود نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج جن لوگوں کی رجسٹریشن رہ گئی تھی ان کی بھی رجسٹریشن کی جائے گی ۔

تقریب میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر دینہ شہزاد عمران، مدثر مبین اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی خان ، ایس ایس پی گلگت حنیف مقدم، اسسٹنٹ کمپلین آفیسر مس لنبی ٰ صغیر ، سابق کونسلر منیر تارڑ، راجہ قاسم ، صحافی اصغر مرزا سمیت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مستفید ہونے والی خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

تقریب کے اختتام پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے عملہ نے خواتین کی رجسٹریشن کا عمل مکمل کیا ۔ پروگرام میں شامل خواتین نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد دینے پر وفاقی حکومت اور سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن ماروی میمن کا شکریہ ادا کیا ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button