جہلم

صحافیوں کو آزادانہ ماحول فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ چوہدری عابد محمود

جہلم: فیلڈ میں کام کرنے والے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کو انکی ذمہ داریاں بطریق احسن نبھانے کی خاطر آزادانہ ماحول فراہم کرنا ریاست اور ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے، قومی و صحافتی ذمہ داریاں مثبت انداز میں نبھانے کی توقع کی جاتی ہے مگر صحافیوں کے حقوق سے روگردانی بھی کی جاتی ہے ۔

ان خیالات کا اظہارچیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمودنے قلعہ روہتاس میں ہونے والے پرائیویٹ و سرکاری ڈاکٹروں کے مابین کرکٹ میچ کے موقع پر پی ایم اے جہلم کے سینئر ڈاکٹروں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافت کو اس لئے مقدس پیشہ سے تشبیہ دی جاتی ہے کہ اسے جن لوگوں نے بھی اختیار کیا وہ اسکی بجا آوری کی خاطر قربانیاں دیتے آئے ہیں ، ان قربانیوں کا ہی ثمر ہے کہ صحافی معاشرہ میں معتبر مقام رکھتے ہیں اور قوموں کی رائے قائم کرنے میں انکا کردار کلیدی حیثیت کا حامل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیاء میں صحافت حقیقی معنوں میں چوتھے ستون کا درجہ رکھتی ہے ، مگروطن عزیز میں صحافت اور صحافیوں کو انکا جائز مقام حاصل نہیں جسکی بنیادی وجہ خود ریاست بنی ہوئی ہے حکمران سرکاری اداروں کی مانند صحافیوں کو اپنی جاگیر تصور کرتے ہیں اور قلم کو اپنے زاتی و سیاسی مفادات کے حصول کی خاطر استعمال کرنا چاہتے ہیں اور انہیں ہر دور کی ضرورت تصور کیا جاتا ہے دوسری طرف صحافیوں کے حقوق کی بات کو گول مول کر کے صحافیوں کے حقوق غصب کئے جا رہے ہیں۔

چوہدری عابد محمود نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کو دنیاء دیگر ممالک کی طرح ورکنگ جرنلٹس کو انکی فیلڈ ورکنگ کے دوران مکمل تحفظ فراہم کرنا چاہیے جبکہ کسی بھی قسم کے حادثہ کی صورت میں متاثرہ صحافی کو انشورڈ تحفظ فراہم کیا جانا بھی ریاستی ذمہ داری ہونا چاہیے تاکہ صحافی برادری بلا خوف و خطر اپنے فرائض منصبی ادا کر سکیں انہوں نے کہا کہ تب ہی صحافت کو اسکی حقیقی روح کے مطابق سرانجام دیا جاسکتا ہے اور معاشرہ میں مثبت روایات کو فروغ حاصل ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ دیگر اضلاع کے صحافیوں کے لئے پنجاب حکومت نے رہائشی کالونیاں قائم کر رکھی ہیں بدقسمتی سے جہلم کے صحافیوں کو سر چھپانے کے لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانا پڑ رہی ہیں 5سال قبل وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے جہلم کے دورہ کے موقع پر جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے وعدہ کیا تھا کہ صحافیوں کو آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹ دیئے جائیں گے لیکن 5 سال کا قلیل عرصہ گزرجانے کے باوجود کسی قسم کی کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی۔انہوںنے وزیر اعلیٰ پنجاب کو وعدہ پورا کرنے کا مطالبہ بھی کیا ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button