جہلم

نبی اکرم ﷺ کی محبت و ادب ہی مومن کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے۔ سید خلیل حسین کاظمی

جہلم: نبی اکرمﷺ کی محبت و ادب ہی مومن کا سب سے قیمتی اثاثہ ہے ، آپﷺ کی محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے ، مسلم امہ کو اتحاد و اتفاق سے ہمکنار کرنے کے لئے حضور نبی کریمﷺ کی رحمت کی تعلیمات پر ہمیں عمل پیرا ہو نا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہارمرکزی جماعت اہلسنت کے ضلعی امیرسید خلیل حسین کاظمی نے مدرسہ انجمن تعلیم الاسلام شمالی محلہ جہلم میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحابہ کرام ؓ اور اہلبیت اطہارؓ نے جونہی نبی اکرم ﷺ سے محبت کا دعویٰ کیا انھیں آزمائشوں کی بھٹی میں سے گزرنا پڑا، وہ حضورﷺ کے ایسے جانثار تھے کہ جنہوں نے غلبہ حق کی جدوجہد میں قدم قدم پر نبی اکرم ﷺ کا ساتھ دیا ایک بڑی تعداد نے حضور اکرم ﷺ کے قدموں میں جان دے کر فدویت ، جانثاری کی وہ عظیم تاریخ رقم کی جس کی روشنی سے قافلہ حق ہمیشہ فیض یاب ہوتا رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ محبت رسول ﷺ کے ساتھ اتباع رسول ﷺ کے پیغام کو بھی عام کیا جائے ، آج سیرت طیبہ ﷺ کے جلوس ، جلسے اور پروگرامات ظاہری شان و شوکت کا ذریعہ بنتے جارہے ہیں، لیکن ان میں اطاعت رسول ﷺ پر بہت کم زور دیا جاتا ہے یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں کی اکثریت سنت رسولﷺ سے دور ہوتی جارہی ہے۔

انہوںنے علماء و مشائخ سے بھی اپیل کی کہ وہ ایسے پروگرام میں محبت رسول ﷺ کے ساتھ ساتھ اتباع رسول ﷺ کی بھی ترغیب دیں تاکہ نبی اکرم ﷺ سے سچی عقیدت و محبت رکھنے والے افراد کے اندر عمل کا جذبہ بھی پیدا ہو ، وہ وقت دور نہیں جب سیرت پاک ﷺ کا پیغام دنیاء کے کونے کونے تک پہنچ جائیگا۔ اور دنیاء اس کی برکات سے فیض یاب ہو جائے گی۔

اس موقع پر محمد عارف ڈار، زاہد جرال، سلطان رضوی ، حافظ ذوالقرنین سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button