جہلم

شہیدوں ، غازیوں، اووسیز پاکستانیوں کا صاف ستھرا اور کشادہ شہر جہلم تجاوزات اور قبضہ گروپوں کا مسکن بن گیا

جہلم: شہیدوں ، غازیوں، اووسیز پاکستانیوں کاصاف ستھرا اور کشادہ شہر جہلم ،تجاوزات اور قبضہ گروپوں کا مسکن بن گیا۔

بازاروں سمیت گلی کوچوں میں تجاوزات کی بھرمار ، جہلم شہر جو اپنے حقیقی منفرد ڈیزائن اور نقشہ کے اعتبار سے راولپنڈی ڈویژن کا خوبصورت ترین اور سڑکوں کے لحاظ سے کشادہ شہر گرداناجاتا تھا اب تجاوزات کی وجہ سے تنگ گلیوں میں تبدیل ہو کر رہ گیا ہے ،تجاوزات کا کینسر بازاروں سے نکل کر شہر کے گلی محلوں تک پھیل گیا ہے۔

مین بازار، نیا بازار، اقبال لائبریری روڈ، ریلوے روڈ، مشین محلہ روڈ،شاندار چوک،جادہ چوک، سول ہسپتال چوک، محمدی چوک ، قبرستان چوک ، روہتاس روڈ چوک ، بلال ٹاؤن ، کالا گجراں میں ناجائز تجاوزات کی بھر مار ہو چکی ہے۔ سائیکل ، موٹر سائیکل سوارتودرکنار شہریوں کا پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے اگر کوئی راہگیر تجاوزات پر اعتراض کر ے تو تجاوزات قائم کرنے والا مافیا اسکی بے عزتی کرنے کے ساتھ ساتھ گندی گالیاں دینے سے بھی گریز نہیں کر تے اور بات ہاتھا پائی تک پہنچ جاتی ہے۔

میونسپل کارپوریشن کے شعبہ انکروچمنٹ کا متعلقہ عملہ سب اچھا ہے کا راگ آلاپ کر مفت میں تنخواہیں وصول کر رہے ہیں ۔بااثر افراد نے گلیوں میں باتھ روم اور پختہ ائیرکولرز کے سٹینڈنصب کر رکھے ہیں گھروں کے آگے سیڑھیوں کو نصف سڑک اور گلیوں تک بڑھا رکھا ہے لیکن انکروچمنٹ کا متعلقہ عملہ اپنا حصہ وصول کر کے لمبی تان کر سوئے ہوئے ہے۔تجاوزات کرنے والوں نے رمضان المبارک میں تجاوزات کو مزید ترقی دینے کی ابھی سے منصوبہ بندی شروع کر رکھی ہے۔

اہلیان شہر کاکہنا ہے کہ ابھی سے تجاوزات کوکنٹرول نہ کیا گیاتو عیدالفطر کے موقع نہ صرف ٹریفک بلکہ سیکورٹی کے مسائل بھی پیدا ہوسکتے ہیں ، شہریوں نے کمشنر راولپنڈی ،ڈپٹی کمشنر جہلم، ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سے شہرکے بازاروں میں قائم ہونے والی تجاوزات کے خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close