سوہاوہ میڈیا کی کاوشیں رنگ لے آئیں، ریلوے سٹیشن سوہاوہ کو پانی کی عدم دستیابی کے مسئلے سے نجات مل گئی

0

سوہاوہ: سوہاوہ میڈیا نمائندگان کی کاوشیں رنگ لے آئیں، ریلوے سٹیشن سوہاوہ کو پانی کی عدم دستیابی کے مسئلے سے نجات مل گئی،شہر کی معزز شخصیت نے اپنی گرہ سے خطیر رقم فراہم کرکے پانی کی دستیابی کو ممکن بنادیا، ریلوے سٹیشن کے عملے اور ملحقہ آبادی کی جانب سے اظہار تشکر۔

تفصیلات کے مطابق چند ہفتوں قبل سوہاوہ کے ورکنگ جرنلسٹس گروپ کی جانب سے ریلوے سٹیشن سوہاوہ پر درپیش مسائل کی نشاندہی کی گئی جس پر ارباب اختیار کے کانوں پر تو جوں تک نہ رینگی مگر ایک صاحب دل شخصیت نے اس فریاد کو سن لیا۔ ریلوے سٹیشن کو درپیش مسائل میں سے سب سے اہم پانی کا مسئلہ تھا جس کی وجہ سے نہ صرف وہاں سے گزرنے والے مسافروں بلکہ عملہ کے لئے بھی پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات درپیش تھیں۔

گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سوہاوہ کے پرنسپل پروفیسر سید ساجد علی شاہ بخاری نے اپنی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے ریلوے سٹیشن پر پانی کی دستیابی کو ممکن بنانے کے لئے اپنی گرہ سے خطیر رقم خرچ کرتے ہوئے بورنگ کرانے کا اعلان کیا اور اس سلسلہ میں ایک مختصر مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریلوے کے عملہ کے علاوہ معززین شہر اور میڈیا نمائندگا ن نے شرکت کی۔

اس موقع پر پروفیسر سید ساجد علی شاہ بخاری نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوں تو سوہاوہ شہر کے باسیوں کو طویل عرصہ سے پانی کی قلت کا سامنا ہے اور جو سرکاری سطح پر واٹر سپلائی سکیمیں کام کررہی ہیں وہ بالکل ناکارہ ہوچکی ہیں جن سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔

سوہاوہ کی صحافی برادر ی نے جب ریلوے سٹیشن پر پانی کی عدم دستیابی کی نشاندھی کی تو انہوں نے فیصلہ کیا کہ ارباب اختیار کی جانب سے اگر یہ مسئلہ حل ہونا ہوتا تو کب کا ہوچکا ہوتا اس حوالے سے اگر وہ اپنی گرہ سے رقم خرچ کرکے اس مسئلے کو حل کردیں تو یہ نہ صرف سوہاوہ ریلوے سٹیشن کے عملے اور مسافروں کے لئے فائدہ مند ہوگا بلکہ ریلوے سٹیشن سے ملحقہ آبادی بھی اس سے استفادہ حاصل کرسکے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر مسئلے کے حل کے لئے حکومت سے توقعات وابستہ کرلیتے ہیں جبکہ حکومت کے پاس محدود وسائل ہوتے ہیں اگر ہم یورپی ممالک کی طرح مخیر حضرات کے تعاون سے اپنی مدد آپ کے تحت تھوڑے تھوڑے مسائل بانٹ لیں تو عوام کو بہت سی مشکلات سے نجات مل جائے گی۔

سٹیشن ماسٹرمحمد صفدر نے پروفیسر ساجد علی شاہ بخاری اور میڈیا نمائندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس دیرینہ مسئلے کے حل کے لئے آپکی جانب سے کی جانے والی کاوشوں پر تہہ دل سے مشکور ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.