ہمارے علاقوں میں بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، سید ذیشان حیدر، سید امجد بخاری

0

پڑی درویزہ: نواحی یونین کونسل پھلڑے سیداں کے چیئر مین سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ اورگیگی سیداں سے پاکستان پیپلز پارٹی تحصیل سوہاوہ کے رکن سید امجد بخاری نے ایک مشترکہ بیان میں ایس ڈی او واپڈا گلیانہ گوجرخان سے شکوہ کیا ہے کہ ان کے علاقوںسے بجلی کی فراہمی کے سلسلے میں سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے جوکہ انصاف کے تقاضوں کے برعکس ہے ۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے یونین کونسل پھلڑے سیداں کا جو حصہ سب ڈویژن خانپور چکوال کے ساتھ منسلک ہے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت کم ہوتی ہے جبکہ علاقہ پھلڑے سیداں ، گیگی سیداں ، گیگی پکھڑال ، سوگیال ، تھتھال اور ڈھوک میکڑ وغیرہ میں دن اور رات کے وقت کئی کئی مرتبہ بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔

چیئر مین یو سی پھلڑے سیداں سید ذیشان حیدر ایڈووکیٹ اور رکن پی پی پی تحصیل سوہاوہ سید امجد بخاری کا کہنا ہے واپڈا کی ہیلپ لائن 118پر جب کال کرتے ہیں تو عموماً مصروف ملتی ہے یا فون اٹھایا ہی نہیں جاتا ۔

دونوں بیان دہندگان نے چیئر مین آئیسکو اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں بجلی کی لگا تار اور بے قاعدہ بندش کا نوٹس لیا جائے اور ایس ڈی او واپڈا سب ڈویژن گلیانہ گوجرخان کو خصوصی ہدایت جاری کی جائے کہ وہ ان بیان کردہ علاقوں کو بھی خانپور چکوال سے منسلک کر دیں تا کہ علاقہ کے بجلی صارفین سکھ کا سانس لے سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.