جہلم

صحافت کا انسانی زندگی سے چولی دامن کا ساتھ ہے۔ چوہدری عابد محمود، مرزا قدیر بیگ

جہلم: صدر جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود، صدر میڈیا ون مرزا قدیر بیگ نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صحافت ایک سماجی خدمت اور اخبار ایک سماجی ادارہ ہے ، صحافی معاشرے کی زبان ہوتے ہیں ، صحافی اپنے قلم کے ذریعے معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرتے ہیں اور ان کے حل پر ارباب اختیار کی توجہ مبذول کروائی جاتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل سیکرٹری میڈیا ون چوہدری مہربان حسین کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اپنی آواز سے عام لوگوں کی ترجمانی کرتے ہیں ، وہ عام لوگوں کی آواز متعلقہ حکام تک پہنچانا اپنا فرض سمجھتے ہیں ، صحافی عوام کی توقعات اور خواہشات کو موثر انداز سے پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک صحافی کا کام آسان نہیں ہوتا اسے پورا پورا دن اور پورا پورا ہفتہ یعنی جسے عام زبان میں 24/7 کہتے ہیں کام کرنا پڑتا ہے ، صحافت حقائق سے براہ راست طور آگاہی کا نام ہے ، صحافت کا انسانی زندگی سے چولی دامن کا ساتھ ہے ، آج کے اس برق رفتاردور میں ذرائع ابلاغ انسانی زندگی میں ایک لازمی جز کی حیثیت رکھتا ہے ، انسانی زندگی کے تمام حواس اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صحافت کا ہی کرشمہ ہے کہ پلک جھپکتے ہی کسی واقعہ یا حادثے کی تصدیق شدہ خبر پوری دنیاء میں پھیل جاتی ہے ،اور عمل اور ردعمل کا سلسلہ چل پڑتا ہے ، واقعات یا حقائق جاننے کا نام صحافت ہے ، سچائی اور انکشافات کا پتہ لگانا ہی ایک صحافی کی بنیادی ذمہ داری ہے ، عوام کو سچائی اور تمام واقعات سے باخبر رکھنا صحافت ہے ، سچائی پر ہی صحافت کی تعمیر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافت ایک عظیم مشن ہے اس کا مقصد ہے کہ لوگوں کو تازہ ترین حقائق پر مبنی خبروں سے آگاہ کیا جائے ، عصر حاضر کے واقعات کی تشریح کی جائے ان کا پس منظر واضح کیا جائے تاکہ رائے عامہ کی تشکیل کا راستہ صاف ہو، صحافت رائے عامہ کی ترجمان اور عکاس تصور کی جاتی ہے اور رائے عامہ کی رہنمائی کے فرائض بھی سرانجام دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافت معاشرے میں ایک ستون کی حیثیت رکھتی ہے ، صحافت کی اصل طاقت عوام کی قوت سے منسوب ہے آج کا دورِ ابلاغیات کا دور ہے ، صداقت اور راست بازی صحافت کی بنیادی خصوصیات ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button