شہباز شریف، سعد رفیق جیسے لوگ گرفتار ہوں تو جمہوریت خطرے میں آ جاتی ہے۔ فواد چوہدری

0

جہلم: وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہاہے کہ شہباز شریف، سعد رفیق جیسے لوگ گرفتار ہوں تو جمہوریت خطرے میں آ جاتی ہے، شہباز شریف کیلئے پروڈکشن آرڈر ز بھی آئینگے، آڈٹ بھی کریں گے، عمران خان متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور متوسط طبقے کے انقلاب کی شرط یہ ہے قانون سب کے لیے برابر ہوں۔

ہفتہ کو ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد بار ایسوسی ایشن کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا نواز شریف اور زرداری کی جائیدادوں کا حساب نہیں کلکولیٹر کے زیرو ختم ہو جاتے ہیں لیکن ان کے پیسے ختم نہیں ہوتے انکے دوست بھی کھرب پتی ہیں ان سب نے ملکر پورے پاکستان پر جالا بن کر رکھا تھا جسکے حصار سے پاکستان نکل نہیں رہا تھا ۔

فواد چوہدری نے کہا طاقتور طبقے کے لیے قانون کا نفاذ آسان نہیں، شہباز شریف اور سعد رفیق جیسے لوگ گرفتار ہوں تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے انکی گرفتاری پر پروڈیکشن آرڈر جاری ہو جاتے ہیں، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین بنا دئیے جاتے ہیں اور پھر انکے بنگلے کو ہی سب جیل قرار دیا جاتا ہے جبکہ غریب لوگ جو متوسط طبقے سے ہوں، سرگودھا یونیورسٹی کے میاں جاوید جیسے انکو کرپشن کے الزام میں ہتھکڑیاں لگائی جاتی ہیں، وہ جیل کی سختیاں بھی برداشت کرتے ہیں اور تفتیش کے دوران تشدد کا سامنا بھی کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان میں قانون پرعملدرآمد طبقات کو دیکھ کر نہیں ہوگا، ایسا نہیں ہوگا کہ طاقتور کیلئے الگ اورکمزور آدمی کیلئے الگ قانون ہو، وزیراعظم عمران خان ایک حصار توڑ کر متوسط طبقے کا انقلاب لائے ہیں، امیر لوگ گرفتار ہوتے ہیں تو اچانک جمہوریت خطرے میں آ جاتی ہے، عمران خان بادشاہ یا ڈکٹیٹر نہیں کہ وہ دو لفظ کہیں گے یہ سب تبدیل ہوجائے گا، یہ مسلسل جدوجہد ہے۔

فواد چوہدری نے کہا عمران خان نے مسلسل انصاف کی فراہمی کے لیے برابری کی بات کی وکلا کو چاہیے کہ انصاف کی بلا تفریق فراہمی کے لیے کردار ادا کریں اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار کے ممبران کی طرف سے وفاقی وزیر اطلاعات کو دیامر بھاشا ڈیم کے لیے ایک لاکھ کا چیک بھی دیا گیا،فواد چوہدری نے کہا چیمبرز وکلاء کا حق ہے انکو ضرور ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی ہے کہ جس نے 100برسوں سے ہمیں کسی نہ کسی شکل میںجہلم کی نمائندگی کا شرف بخشا ہے، پاکستان تحریک انصاف کو اس وعدے پر ووٹ ملے ہیں کہ پاکستان میں قانون پرعملدرآمد طبقات کو دیکھ کر نہیں ہوگا اور ایسا نہیں ہوگا کہ طاقتور کیلئے الگ اورکمزور آدمی کیلئے الگ قانون ہو۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جہلم میں ایک سے سو زائد خواتین وکلاء کی تعداد دیکھ بہت خوشی ہوئی، ہمارے خاندان نے ہمیشہ جہلم کے عوام کی خدمت کی ہمارا سیاسی کردار سب کے سامنے ہے، ہم نے ایوب خان کے مقابلے میں مادر ملت فاطمہ جناح کا ساتھ دیا، ہمارا خاندان محب وطن اور عوام کا خادم بن کر کام کرتا رہا ہے جب بھی ہمیں موقع ملا ہم نے جہلم میں بلا تفریق کام کروائے، انشاء اللہ جہلم کے حالات بدلیں گے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.