ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سٹاف نرسز کی بھتہ خوری عروج پر، لیبر روم سونے کی کان میں تبدیل

0

جہلم: ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سٹاف نرسز کی بھتہ خوری عروج پر ، سٹاف نرسز نے لڑکے و لڑکی کی پیدائش پر والدین سے مٹھائی کے نام پرالگ الگ ریٹ مقرر کر لئے ، لیبر روم سونے کی کان میں تبدیل، عملہ زبردستی ہزاروں کی دیہاڑیاں لگانے میں مشغول ،متعلقہ افسران کی خاموشی سوالیہ نشان ، سی ای او ہیلتھ سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال کے شعبہ لیبر و گائنی وارڈ میں تعینات عملے نے کمال مہارت کے ساتھ بھتہ خوری کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے ،بچے کی پیدائش پر والدین سے مٹھائی کے نام پر ہزاروں روپے اینٹھ لئے جاتے ہیں جبکہ مطلوبہ رقم نہ ملنے تک نوزائیدہ بچے کو اپنی تحویل میں رکھا جاتا ہے۔

بچی پیدا ہونے کی صورت میں بھی مریض کے لواحقین کو کچھ نہ کچھ ادا کرنا پڑتا ہے ، قابل ذکر امر یہ ہے کہ لیبر و گائنی وارڈ میں من پسند عملے کو تعینات کیا جاتا ہے جو متعلقہ ذمہ داران کی خواہشات کو مدنظر رکھ سکے۔

اس حوالے سے سول ہسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کا کہنا ہے کہ لیبرو گائنی وارڈ جہاں رشوت وصول کی جاتی ہے کسی پرائیویٹ شخص کی رسائی نہیں عملہ انتہائی مہارت کے ساتھ مریضوں کے ساتھ آئے ہوئے لواحقین کی جیبیں خالی کرواتا ہے۔

شہری ، سماجی، رفاعی ، فلاحی ، مذہبی ، تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر ، سی ای او، ایم ایس سول ہسپتال سے مطالبہ کیاہے کہ شعبہ لیبر و گائنی وارڈ میں ہونے والی مالی بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نوٹس لیا جائے تاکہ غریب سفید پوش طبقہ سے تعلق رکھنے والے شہری عملے کی لوٹ مار سے محفوظ رہ سکیں ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.