محکمہ مال کے پٹواری نے اپنا سکہ جما لیا، سعیلہ پٹوار سرکل کے پٹواری نے سرکاری فیسوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا

0

جہلم: محکمہ مال کے پٹواری نے اپنا سکہ جما لیا، عجب کرپشن کی غضب کہانی ، سعیلہ پٹوار سرکل کے پٹواری نے سرکاری فیسوں میں 100 فیصد اضافہ کر دیا، سائلین سراپا احتجاج، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق سعیلہ پٹوار سرکل کے پٹواری نے خود ساختہ ٹیکسز نافذ کرکے زمینیں خریدنے اور فروخت کرنے والوں کے لئے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں ، حلقہ پٹواری نے 1 فیصد ضلع کونسل، 3 فیصد نیشنل بینک ،2 فیصد فیڈرل بورڈ آف ریونیواور 6 فیصد محکمہ مال کے پٹواری نے اپنی فیس وصول کرنی شروع کر رکھی ہے جو کہ سائلین کے ساتھ سخت زیادتی کے مترادف ہے۔

سعیلہ کے رہائشیوں نے بتایا کہ پٹواری نے ٹاؤٹ مقرر کر رکھے ہیںجو پہلے سائلین کے ساتھ معاملات طے کرتے ہیں اس کے بعد ٹیکنیکل انداز میں ٹیکسوں کی مد میں فیسیں وصول کرکے سادہ لوح ان پڑھ افراد کو بیووقوف بنائے ہوئے ہے ، یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ مذکورہ پٹواری اس سے قبل مسلم لیگ(ن) کی آنکھوں کا تارا تھا اور اب اس کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے چہیتوں میں ہوتا ہے ، اگر کوئی شہری اضافی ٹیکس وصولی کی بابت دریافت کرے تو پٹواری بادشاہ اپنا تعلق وفاقی وزیر کے ساتھ جوڑتا ہے جس کیوجہ سے سعیلہ کے شہری سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ خود ساختہ ٹیکسز مقرر کرنے والے پٹواری کی انکوائری کروائی جائے جرم ثابت ہونے پر فوجداری مقدمہ درج کرواکے سزا دلوائی جائے تاکہ لوٹ مار اور نوسر بازی کا خاتمہ ممکن ہو سکے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.