سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی جہلم چوہدری مقبول حسین کا استعفیٰ جعلی قرار دے دیا

0

جہلم:سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی جہلم چوہدری مقبول حسین کا استعفیٰ جعلی قرار دے دیا، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو دفتر کھول کر تمام مراعات دینے کا حکم جاری۔

تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی جہلم چوہدری مقبول حسین کی جانب سے مبینہ استعفیٰ کے بعد چیئرمین گروپ کی جانب سے وائس چیئرمین کے دفتر کو تالا لگانے اور وائس چیئرمین کی جانب سے تھانہ سول لائن میں درخواست دینے کے بعد میونسپل کمیٹی جہلم میں چیئرمین اور وائس چیئرمین گروپ میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔

وائس چیئرمین چوہدری مقبول حسین نے کہا تھا کہ چیئرمین مرزا راشد گروپ نے گزشتہ ماہ کا جعلی استعفیٰ تیار کر کے جعلی اور خود ساختہ اجلاس کیا، اجلاس کی کارروائی جعلسازی پر مبنی ہے، چیئرمین مرزا راشد نے دھوکہ دہی اور فراڈ کرتے ہوئے جعلی استعفیٰ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور الیکشن کمیشن کو بھیجو ایا۔

وائس چیئرمین کی جانب سے درخواست دینے کے بعد سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی جہلم چوہدری مقبول حسین کا استعفیٰ جعلی قرار دے کر چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کو دفتر کھول کر تمام مراعات دینے کا حکم جاری کر دیا۔

میونسپل کمیٹی جہلم کے چیف آفیسر ناصر وڑائچ کے مطابق ڈپٹی سیکرٹری ریگولیشن لوکل گورنمنٹ نے ٹیلی فون کر کے کہا ہے کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی چوہدری مقبول حسین کا مبینہ استعفیٰ قبول نہیں کیا، استعفیٰ اصلی ہے یا نقلی اسکے لیے انکوائری شروع ہو گئی ہے۔ تحریری حکم ملتے ہی دفتر کھول دیا جاۓ گا۔

یاد رہے کہ اس وقت کونسلر ملک انعام نے موقف دیتے ہوئے کہا تھا کہ وائس چیئرمین چوہدری مقبول حسین نے استعفیٰ دیا جو منظور ہوا جسکے بعد تالا تبدیل کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.