سوہاوہ کے نیلی پہاڑ کے جنگل میں آتشزدگی، 5 گھنٹے کے بعدمقامی رضا کار افراد کی کوششوں سے قابو پالیا

0

پڑی درویزہ: نیلی پہاڑ کے جنگل میں آگ بھڑک اٹھی ، پانچ گھنٹے کے بعد مقامی رضا کار افراد کی کوششوں سے قابو پایا گیا ۔ کوشش کے باوجود محکمہ جنگلات سے رابطہ نہ ہو سکا ۔

تفصیلات کے مطابق نواحی علاقہ’’ نیلی ‘‘پہاڑ کے جنگل میں گزشتہ روز دن گیارہ بجے کے لگ بھگ اچانک آگ بھڑک اٹھی جب شعلے بلند ہونا شروع ہوئے تو ڈھوک فتح محمد کے رہائشی چوہدری ذاکر حسین نے اپنے موبائل فون سے جنگلات کے اہلکاران کو اطلاع کی ۔

اطلاع کے بعد نہ صرف محکمہ جنگلات کے اہلکاراران بلکہ تحصیل سوہاوہ کی جنگلات انتظامیہ اور آگ پر قابو پانے والی گاڑیاں تک جنگل کے قریب پہنچی لیکن آگ کا مقام عوام کی پہنچ سے دور اونچائی پر تھا اس لیے گاڑیاں تو آگ تک نہ پہنچ سکیں لیکن مقامی افراد جن میں بکر وال محمد قیوم ، سلیمان ، چھبر سیداں کے رہائشی محمد خالد ، زاہد شاہ اور بشیر وغیرہ کئی افراد نے محکمہ جنگلات کے موقع پر موجود اہلکاران کی رضا کارانہ طور پر مدد کی اور رات گئے آگ پر قابو پا لیا گیا ۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ جنگلات کی حفاظت کے لیے حکومت کو موئثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے نیز تحصیل سوہاوہ کے مقام پر آگ بجھانے کے لیے فائر فائٹنگ کے شعبہ کی از حد ضرورت ہے ۔ جہاں تک سوال ہے کہ آگ لگی کیسے تو اس سوال کا جواب ڈھونڈنا ایک سوالیہ نشان ہی رہے گا ۔

اہل علاقہ کے مطابق جن لوگوں نے بھی اس آگ پر قابو پانے کے لیے کردار ادا کیا جتنا خراج تحسین پیش کیا جائے کم ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.