برطانیہ بھر کی طرح اولڈہم میں بھی عید کے بڑے اجتماعات، سنت ابراہیمی پر خصوصی خطبات

0

اولڈہم: برطانیہ میں قریبا تیس لاکھ مسلمان آباد ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عید پر برطانیہ بھر میں خصوصی گہما گہمی رہتی ہے۔خلیجی ممالک کی تقلید میں کچھ مساجد سنت ابراہیمی اور عید الاضحی منگل کے روز جبکہ کچھ بدھ کو منا رہی ہیں۔

اولڈہم میں یورپین اسلامک سنٹر اور راس سٹریٹ کے ساتھ کچھ مساجد منگل کے روز جبکہ بلال مسجد، غوثیہ مسجد اور کچھ اور مساجد بدھ کو عید منا رہی ہیں۔ منگل کے روز اولڈہم میں ہونے والے عید کے بڑے بڑے اجتماعات میں سے راس سٹریٹ مسجد میں بھی ایک بڑے عید کے اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔

مہتمم مولانا شفیق الرحمن نے خطبہ میں سنت ابراہیمی کی افادیت و اہمیت اور امت مسلمہ کو آج کے دور میں اس کی ضرورت پر خصوصی لیکچر دیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام عالمی امن کا ضامن اور پوری دنیا و انسانیت کی بلاامتیاز فلاح و ضابطہ حیات کا علمبردار ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو اخلاق مصطفیٰؐ کریم اور اسوہ حسنہ پر چلنے کی تلقین کی۔ مسجد میں خواتین کی نماز کے لیے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔ جبکہ بچوں بڑوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد نے بھی نماز عیدین ادا کی۔

نماز کے بعد مسلمان ایک دوسرے سے گلے ملکر عید کی مبارکبادیں دیتے رہے۔نمازیوں کا کہنا تھا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہمیں ان لوگوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ان خوشیوں سے محروم ہیں۔ اس موقعہ پر امت مسلمہ کے اتحاد اور یکجہتی کے علاوہ دنیا بھر میں ظلم وستم کا نشانہ بننے والے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.