ذوالفقار علی بھٹو کی پاکستان نہ صرف ایک ایٹمی قوت ہے بلکہ دفاعی طور انتہائی مضبوط ہے، اشرف چغتائی

0

جہلم (ضیغم عباس) آج شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بدولت وطن عزیز ایک نہ صرف ایٹمی قوت ہے بلکہ دفاعی طور انتہائی مضبوط ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عوام کو دِیا ہوا سیاسی شعور ، بے پناہ محبت ، شہرت اور عوامی مقبولیت کو آج تک عوام کے دِلوں سے کوئی نکال نہیں سکا۔

اِن خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر راہنما اشرف چغتائی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 4 دہائیاں گزرنے کے باوجود ملک اور محب وطن عوام ، پیپلز پارٹی جیالے آج بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں سالانہ برسی منانے کیلئے پر عزم ہیں ، عوامی لیڈر ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 40 ویں برسی عقیدت و احترام کیساتھ منانے کیلئے پاکستان پیپلز پارٹی سمیت لاکھوں محب وطن عوام آج بھی گھڑی خدا بخش سمیت ملک کے کونے کونے میں مختلف تقاریب کے ذریعے اپنے لیڈر کی یاد میں شمعیں روشن کریں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ 4 اپریل1979ء پاکستان آزاد کشمیر اور دُنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں محب الوطن، جمہوریت پسند اور پارٹی جیالوں کے لیے انتہائی بد ترین اور سیاہ دِن تھا کیونکہ اِس دِن کو ایک عدالتی قتل کے ذریعے عوامی لیڈر ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکا دِیا گیا تھا ، شہید ذوالفقار علی بھٹو کروڑوں عوام کے دِلوں کی دھڑکن اور مسلم اُمہ کے عظیم لیڈر تھے۔

اُنہوں نے کہا کہ طاقتور اور سامراجی قوتیں تیسری دُنیا کے اِس عظیم لیڈر سے نہ صرف انتہائی خائف تھیں بلکہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی تھیں ، شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک نڈر اور بے باک لیڈر ہونے کی وجہ سے تمام تر سامراجی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی ہمت رکھتے تھے اُنہوں نے سابق امریکی وزیر خارجہ ہنری کیسنجر کی طرف سے دی گئی دھمکی کو رد کیا اور اپنا ایٹمی پروگرام جاری رکھا ۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اگر ذوالفقار علی بھٹو کو شہید نہ کیا گیا ہوتا تو آج عراق ، افغانستان پر حملے نہ ہوتے بلکہ ملک پاکستان استحکام میں ہوتا اور کشمیر کا مسئلہ بھی حل ہو چکا ہوتا ، ایسے ملکی عظیم لیڈر کی خدمات کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.