جہلماہم خبریں

عوام الناس کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر ملک محمد انور

جہلم: صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور کا دورہ جہلم، ڈپٹی کمشنر آفس میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی راجہ یاور کمال، چوہدری ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر راؤ پرویز اختر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو  ڈاکٹر وقار علی خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عمر شیرازی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر وسیم اقبال، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر اور اے ڈی سی آر نے صوبائی وزیر کو ضلع میں ریونیو عوامی خدمت کچہری میں موصول ہونے والی درخواستوں،جمع بندی،بلاک کھیوٹ، کورونا صورتحال ، سموگ ، تجاوزات، پرائس کنٹرول میکانیزم پر پیش رفت بارے بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر مال پنجاب ملک محمد انور نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی دورہ کیا، دورے کے موقع پر انہوں نے اراضی ریکارڈ سنٹر میں عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات اور مہیا کردہ سہولیات، عملہ کے رویہ اور متعلقہ ریکارڈ کے علاوہ کورونا کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کروائی۔ بعدازں صوبائی وزیر نے تحصیل آفس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر مال ملک محمد انور نے کہا کہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے کہا کہ دورے کا مقصد انتظامات کے ساتھ ساتھ عوام کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لے کر مزید بہتر بنانا ہے ۔ اراضی ریکارڈ سنٹر عوام کو برق رفتاری کے ساتھ سروسز فراہم کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے دوران عوامی مسائل کے حل بارے 1140 درخواستیں موصول ہوئی جن میں سے 1117نمٹائی جا چکی ہیں ۔وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق ضلع بھر میں غیر قانونی قابضین کے خلاف آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ دکھی عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ عوام الناس کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کوہدایات جاری کیں کہ وہ عوام کے مسائل کا فوری ازالہ کریں۔کھلی کچہریوں کے انعقاد سے عوام کے مسائل حل ہورہے ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button