بھارت اور اسرائیل سے خفیہ مذاکرات نہیں کریں گے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ فواد چوہدری

یوم سیاہ ہمیشہ جاری نہیں رہے گا، کشمیر بہت جلد ہندوستان سے آزادی لے گا۔وفاقی وزیر اطلاعات کی جہلم میں میڈیا سے گفتگو

0

جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی کو این آر او ملے گا نہ کوئی اس کی توقع کرے، کسی نے چوری کی ہے تو سزا بھگتنی پڑے گی، عمران خان اگر قرضہ لے گا تو اپنے لیے نہیں قوم کے بچوں کے لے گا،یوم سیاہ ہمیشہ جاری نہیں رہے گا، کشمیر بہت جلد ہندوستان سے آزادی لے گا۔

جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج کے روز بھارت نے کشمیریوں کو غلام بنانے کی مذموم کوشش کی، کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے ان کیساتھ کھڑے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں، پاکستانی حکومت اور فوج کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ دہائیوں سے کشمیریوں کو ان کا حق نہیں دیا جارہا۔70ہزارسے زائدکشمیری اپنی جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔10ہزارسے زائد افراد کو لاپتا کردیا گیا۔کشمیرمیں عصمتیں لوٹی جارہی ہیں۔کشمیریوں کے حق آزادی کیلئے ان کیساتھ کھڑے ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا اسرائیل اور بھارت نظریاتی دوست ہیں، بھارت اسرائیل کے سب سے زیادہ ہتھیار خریدتا ہے۔ مودی نے گجرات میں قتل عام کیا اُس کوگجرات کاقصائی کہاجاتاہے۔نیتن یاہونے2014 میں غزہ میں بمباری کی اس کوغزہ کاقصائی کہاجاتاہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ نیتن یاہویاکوئی اوریہاں آیا یہ بات اسرائیل کے صحافی سے شروع ہوئی اس کے بعد احسن اقبال نے اس پرٹویٹ کیا، سازش تھی کہ پاکستان کی حکومت اورفوج کومتنازع بنایا جائے، سازش تھی کہ اس یوم سیاہ کو متنازع بنایا گیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پوری تفصیل جاری کی، اسرائیلی جہازپاکستان میں لینڈہی نہیں کرسکتا۔

فواد چوہدری نے احسن اقبال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو پاکستان کی اتنی فکر ہوتی جتنی ظاہر کر رہے ہیں تو آج ہم ان حالات میں نہ ہوتے، اس لئے جعلی فکر نہ کریں، حقیقی صورتحال یہ ہے کہ عمران خان نہ نواز شریف ہے نہ اس کی کابینہ میں آپ جیسے جعلی ارسطو ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نہ مودی جی سے خفیہ مذاکرات کریں گے نہ اسرائیل سے جبکہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ’عمران خان فقیری کرے گا تو پاکستان کے بچوں کیلئے اور خزانے کی ایک ایک پائی کی حفاظت کرے گا، عمران خان اگر قرضہ لے گا تو اپنے لیے نہیں قوم کے بچوں کے لے گا‘۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 1990 سے فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے چیئرمین چلے آرہے ہیں،مولانا نے آج تک کشمیر پر کوئی بیان نہیں دیا، نوازشریف،آصف زرداری کبھی کشمیر پربیان نہیں دیتے نوازشریف کشمیر پر بیان نہیں دیتے کیونکہ مودی ناراض ہوجاتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کوٹھگوں کاٹولہ نہیں کہیں تو کیا کہیں، ان کی زندگی کے آخری الیکشن بھی ہوچکے ہیں،یہ لوگ صبح سے شام صرف عمران خان کو بد دعائیں دیتے ہیں، لیکن بد دعا نہیں لگے گی، اپوزیشن کی نیت میں کھوٹ ہے۔

اپوزیشن کی لیڈرشپ کے پاس کوئی نظریہ نہیں، اپوزیشن کو صرف ایک فکر ہے ہمارے کیسزز نہ کھولیں جائیں، کسی کو این آر او ملے گا نہ کوئی اس کی توقع کرے، کسی نے چوری کی ہے تو سزا بھگتنی پڑے گی ہم احتساب نہ کرسکے تو حکومت کرنے کا کیا حق ہے، احتساب کے وعدے پرحکومت میں آئے ہیں،وعدہ پورا کریں گے۔

انہوں نے کہا نوازشریف نے ملک کی جان چھوڑی تو قرضہ30ہزارارب ہوگیا، 24 ہزارارب کاقرضہ لے کرکیا پاکستان یورپ بن گیا؟ تعلیم،صحت اورصنعت ملک میں نیچے جارہی ہے، کسی کے ڈرائیور کے اکاؤنٹ سے کروڑوں نکل رہے ہیں،کسی فالودے والے کے اکاؤنٹ سے اربوں نکل رہے ہیں،جعلی اکاؤنٹس سے نکلنے والا پیسہ پاکستان کے عوام کا ہے۔

اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے جکر کا دورہ کیا، سابق ناظم یونین کونسل بوکن چوہدری خاور وجاہت وسیم کے ڈیرے پرگئے اور اہلیان علاقہ کے مسائل سنے اور موقع پر احکامات جاری کیے۔

معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری محمد فاروق کے گھر ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی، مخیر حضرات کے تعاون سے بنائے گئے جکر میڈیکل ٹرسٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کا اعادہ کیا۔اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ظفر اقبال سمیت اہلیان علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.