جہلم

اراضی ریکارڈ سنٹر جہلم بدعنوانی کا گڑھ بن گیا، کئی کئی ہفتے شہری ذلیل و خوار ہونے پر مجبور

جہلم: اراضی ریکارڈ سنٹر جہلم بدعنوانی کا گڑھ بن گیا، سائلین کو ذلیل و خوار کرنا عملے کا وطیرہ ، کئی کئی ہفتے شہری ذلیل و خوار ہونے پر مجبور ، سائلین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر راولپنڈی ،ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے کروڑوں روپے کی لاگت سے پٹواری نظام کا خاتمہ کرکے کمپیورٹرائزڈ اراضی ریکارڈسنٹر بنائے تاکہ سائلین کو اپنی اراضی کے انتقالات ، حصول فرد ملکیت و دیگر کام بروقت اور رشوت کے بغیر ہو سکیں لیکن جہلم ضلع بھر میں موجود اراضی ریکارڈ سنٹرز میں تعینات عملے نے شہریوں کو ذلیل وخوار کرنا وطیرہ بنا رکھا ہے۔
اراضی ریکارڈ سنٹرز میں کوئی بھی کام اعتراض لگائے بغیر ممکن نہیں ، سائلین علی الصبح اراضی ریکارڈ سنٹر پہنچنا شروع ہوجاتے ہیں اس طرح 10 بجے تک مخصوص افراد کو ٹوکن جاری کرکے 10 بجے کے بعد آنے والے سائلین کو اگلے روز آنے کا کہہ کر بھجوادیا جاتا ہے ، جبکہ ٹوکن حاصل کرنے والے سائلین کو سہ پہر تک مختلف اعتراضات لگا کر واپس لوٹا دیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اراضی ریکارڈ سینٹر پر آئے ہوئے سائلین نے اخبار نویسوں کو بتایا کہ اراضی ریکارڈ سنٹر کے عملے نے شہریوں کی مشکلات حل کرنے کی بجائے مسائل میں اضافہ کر رکھا ہے ، معمولی معمولی نقائص دور کرنے کی بجائے اعتراضات لگا کر سائلین کو مایوس کرکے واپس لوٹا دیا جاتا ہے ۔ اکثر و بیشتر صارفین کو دوبارہ پٹواریوں کے پاس بھجوا دیا جاتا ہے جس سے سائلین کی مشکلات کم ہونے کی بجائے اضافہ ہو چکا ہے۔
سائلین نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے اورشہریوں کی مشکلات میں کمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button