غیرت کے نام پر ہونے والے اندھے قتل کا ڈراپ سین، 3ملزمان گرفتار، آلہ قتل برآمد

0

دینہ: تھانہ منگلا کے علاقہ میرا میں غیرت کے نام پر ہونے والے اندھے قتل کا ڈراپ سین، 3ملزمان گرفتار، آلہ قتل برآمد، مقدمہ درج ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سید حماد عابد کی تشکیل دی گئی، ٹیم نے ڈی ایس پی صدر معظم علی کی نگرانی میں جدید سائنسی طریقہ کار اپناتے ہوئے انویسٹی گیشن آفیسر سب انسپکٹر عبدالرحمن نے آخر اندھے قتل کا سراغ لگا لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم تحصیل دینہ تھانہ منگلا کے علاقہ میرا میں 10جنوری 2019 کو رات تقریبا 10:30 بجے پولیس کو مسمی سراج علی ولد غلام عباس سکنہ میرا نے اطلاع دی کہ اس کا بیٹا فواد علی ریسٹورنٹ پر گیا ہوا تھا اسے کال کی تو اس نے بتایا کہ وہ گھر واپس آرہا ہے میں اور میری بیوی تھوڑی دیر بعد فائرنگ کی آواز سن کر باہر نکلے تو وہ خون میں لت پت پڑا تھا، جسے نامعلوم اشخاص قتل کر کے فرار ہو گئے تھے ۔

اطلاع کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور تمام شواہد قبضہ پولیس میں لیا، فواد علی کو 30بور پسٹل اور شاٹ گن سے اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کیا گیا تھا اور نامعلوم قاتل رات کے اندھیرے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، ،ڈی پی اوجہلم کیپٹن (ر)سید حماد عابد نے خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے اس اندھے قتل کا سراغ لگانے کے لیے ڈی ایس پی صدر معظم علی کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دی۔

ڈی ایس پی صدر سرکل نے سب انسپکٹر عبدالرحمن کے ساتھ ملکر جدید سائنسی طریقہ کار کو اپناتے ہوئے آخر کار تینوں ملزمان زبیر ،محمد ایاز اور عمر کو ٹریس کر کے ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا،تینوں ملزمان کے قبضہ سے آلہ قتل بھی برآمد کر لیاگیا۔

دوران تفتیش ملزمان نے اپنی سفاکیت کا اعتراف کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ مقتول فواد علی کے ہماری کزن کے ساتھ تعلقات تھے جس کی وجہ سے اسے قتل کیا ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔ ڈی پی اوجہلم نے تفتیشی ٹیم کو شاباش دی اور ان کے لیے تعریفی اسناد و نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.