ق لیگ اور ایم کیوایم کے مطالبات میں وزن ہے، حکومتوں کو وکیلوں سے ڈرنا چاہیے۔ فواد چوہدری

0

پنڈ دادنخان (مانیٹرنگ ڈیسک+ سلیمان شہباز+ مدثر ملک) فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق اور ایم کیوایم کے مطالبات میں وزن ہے، حکومت نہیں سسٹم کے خلاف ہیں، حکومتوں کو وکیلوں سے ڈرتے رہنا چاہیے، جو حکومتیں نہیں ڈرتیں ان کو گھر جانا پڑتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پنڈ دادنخان بار ایسوی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بار ایسوسی ایشن پنڈدادنخان کی نو منتخب کابینہ صدر بار راجہ ضمیر احمد بشیر ،جنرل سیکرٹری چوہدری اسد سمیت دیگر ممبران سے حلف برداری کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری تھے۔

حلف برداری کی تقریب میں معروف قانون دان ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل چوہدری فیصل فرید ،ایڈیشنل جج صاحبان،سول جج صاحبان ، سابق صدور پنڈدادنخان بار چوہدری شفقات ،خواجہ ندیم ، سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ، وکلا ،صحافی برادری اور سیاسی شخصیات نے بھی شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وکلا میں جمہوری عمل سب سے زیادہ موثر ہے، ہم نے عوام سے سیاسی نہیں ذاتی تعلق بنایا ہے۔ الیکشن لڑتے وقت لوگوں سے وعدے کیے تھے، لوگوں سے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ وسائل میں سے ہمیں ہمارا حصہ ملے گا۔ حکومت نہیں سسٹم کے خلاف ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ ق اور ایم کیوایم کے مطالبات میں وزن ہے۔ وکلاء برادری میں جمہوری عمل سب سے زیادہ موثر ہے۔ ہم نے ہمیشہ لوگوں سے ذاتی تعلقات بنائے۔ حکومت کو چاہیے کہ وکلاء سے ڈرتی رہے، کیونکہ جو حکومتیں وکلاء سے نہیں ڈرتیں پھر ان کو گھر جانا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ینگ وکلاء حکومت جوان پاکستان پروگرام سے فنڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ وکلاء چیمبرز کیلئے خود فنڈز کا بندوبست کروں گا۔ الیکشن میں لوگوں کے مسائل حل کرنے اور ان کو وسائل میں حصہ دلوانے کے وعدے کیے تھے۔ پنڈدادن خان کے لوگوں کو صاف پانی کی سہولتیں میسر نہیں، ان کو رواں سال صاف پانی اور سوئی گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے جس طرح کشمیر کا ایشو اٹھایا ہے اس پر سکیورٹی کونسل میں تین مرتبہ ڈسکشن ہوچکی ہے، اس سے پہلے کبھی کشمیر ایشو پر پراتنے ڈسکشن نہیں ہوئی، ہندوستان تیزی سے بین الاقوامی تنہائی کا شکار ہو رہا ہے، پاکستان اور بالخصوص وزیراعظم عمران خان کا اس میں اہم رول ہے۔ اس بار 5فروری یوم یکجہتی کشمیر بھرپور ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تحصیل پنڈدادنخان کے مسائل دور کرنے کے لئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، جلالپور تا خوشاب نہر کی تعمیر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا پنڈدادنخان کے عوام کے لیے میگا پراجیکٹ ہے، اسی طرح کھیوڑہ اور پنڈدادنخان میں جن جن علاقوں میں گیس نہیں ان کو بھی بہت جلد گیس فراہم کر دی جائے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہر نپور سے جلالپور شریف تک گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے، بہت جلد تحصیل پنڈدادنخان میں مکمل طور پر گیس فراہمی کا کا م شروع کیا جائے گا تاکہ کوئی بھی علاقہ رہ نہ جائے۔ مار چ تک موٹروے سے جہلم تک دیول کیرج سڑک کا ٹینڈر ہو جائے گا اور جلد کام بھی شروع ہو جائے، آنے والے وقت میں ضلع جہلم میں نمایاں تبدیلی نظر آئے گی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.