پی ایس ایل فور کا فائنل؛ جہلم شہر میں کروڑوں روپے کا جواء کھیلا گیا، ذرائع

0

جہلم: پی ایس ایل ایونٹ فور کے سلسلہ میں کھیلے جانیوالے فائنل میچ پر جہلم شہر میں کروڑوں کا جواء کھیلا گیا، مقامی بکیوں کے دوسرے شہروں اور بیرون ملک کے بڑے بڑے بکیوں سے رابطے ، جبکہ پی ایس ایل میں کروڑوں روپے کا جواء کھیلا گیا۔

تفصیلات کے مطابق زرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے سلسلے میں کھیلے جانیوالے تمام میچوں پر بڑے پیمانے پر جواء کھیلا گیا اور ضلع بھر کے جواریوں نے پشاور زلمی اور بعض نے کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز ٹیموں کی ہار اور جیت پر بھی بھاری شرطیں لگا رکھی تھیں۔

گزشتہ رات پی ایس ایل کے کھیلے جانیوالے میچ پر جواء کروانے کیلئے شہر اور نواحی علاقوں میں بکیوں نے مکمل انتظامات کر رکھے تھے اور فائنل میچ پر بڑے پیمانے پر جواء کھیلا گیا، بکیوں نے شہر کے پوش علاقوں سمیت پلازوں اور گھروں کی بیٹھکوں میں جواء کروانے کے انتظام کر رکھے تھے اورہر اوور اور اوور کی ہر گیند پر داؤ لگایا جاتا رہا۔

بکیوں نے داؤ بک کروانے کے لئے اپنے اپنے ایجنٹ چھوڑ رکھے تھے اور موبائل فونز پر بھی ہندسہ بک کروانے کی بکیوں نے جواریوں کو سہولت فراہم کر رکھی تھی ، بکیوں نے فائنل کرکٹ میچ پر ڈنکے کی چوٹ پر جواء کروایا مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس حوالے سے مکمل لا تعلقی اختیار کئے رکھی۔

جہلم کے شہری، سماجی، رفاعی، فلاحی، مذہبی تنظیموں کے عمائدین نے آئی جی پنجاب، آر پی او راولپنڈی، ڈی پی او جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ میچوں کے دوران ایسے افراد پر نظر رکھی جائے تاکہ جوئے کی لعنت کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.