شہبازشریف کی گرفتاری احتساب کی طرف اہم قدم ہے، مزید بڑی گرفتاریاں ہونگی۔ فواد چوہدری

0

پنڈدادنخان: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے شہبازشریف کی گرفتاری کے بعد مزید بڑی گرفتاریوں کا عندیہ دے دیا۔

شہبازشریف کی گرفتاری پر رد عمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ یہ تو پہلی گرفتاری ہوئی ہے، ابھی مزید بڑی گرفتاریاں ہونے والی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے گاجر کھائی ہیں درد بھی انہی کے پیٹ میں ہوگا، شہباز شریف کی گرفتاری تو پہلا قدم ہے جیسے جیسے یہ عمل آگے بڑھے گا گرفتاری اور بھی ہوگی ، میں نے پہلے بھی کہا تھا ابھی اور بھی قدم اٹھائے جائیں گے اور کرپٹ لوگوں کو اور بھی گرفتار کیا جائے گا، شہباز شریف کی گرفتاری کا حکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے یہ تمام کیس حکومت آنے سے پہلے کے ہیں۔احتساب کا عمل مزید آگے بڑھے گا، کرپشن کیخلاف حکومت کی زیروٹالرنس پالیسی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ وہ مقدمات ہیں جو پچھلے دور میں نیب نے قائم کیے تھے جو بعد میں چلتے رہے، نیب نے تمام کارروائی کے بعد اب تحقیقات کا آغاز کیا ہے، ابتدائی تحقیقات میں نیب نے دیکھ لیا ہے کہ مقدمات میں وزن ہے، آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں 56 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں اسی میں شہبازشریف کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اس تمام معاملے میں غیر جانبدار ہے، نیب کو جو تعاون درکار ہوگا وہ دیں گے، نیب کی ہر طرح کی مدد کرنے کو تیار ہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے یہ حکومت کے کنٹرول میں نہیں، نیب کی انتظامی مدد کرسکتے ہیں کریں گے، شہبازشریف کی گرفتاری خوش آئندہ اور نیب کا ایک بڑا قدم ہے، یہ احتساب کی طرف یہ ایک اہم قدم ہے، ہم چاہتے ہیں اس معاملے کو آگے بڑھنا چاہیے، باقی مقدمات میں ملوث بڑے لوگوں کو بھی گرفتار ہونا چاہیے، عوام چاہتے ہیں کہ پاکستان کو جن لوگوں نے لوٹا ان کا احتساب ہوناچاہیے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.