سوہاوہ

غوری برادری کی معاشی و معاشرتی بہتری کیلئے آل پاکستان غوری اتحاد کا قیام، اظہر خان غوری بانی سربراہ مقرر

سوہاوہ: غوری برادری کی معاشی و معاشرتی بہتری کے لئے آل پاکستان غوری اتحاد کا قیام، اظہر خان غوری بانی سربراہ مقرر، سوہاوہ کے معروف صحافی ظفر غوری بیس رکنی مرکزی کمیٹی میں شامل، پاکستان بھر سے غوری برادری کا آل پاکستان غوری اتحاد کے قیام پر بھرپور خیرمقدم۔

تفصیلات کے مطابق برصغیر میں سب سے پہلی اسلامی حکومت کی بنیاد رکھنے والے سلطان شہاب الدین محمد غوری کے خاندان سے تعلق رکھنے والی غوری برادری کے معاشی و معاشرتی مسائل کو حل کرنے، غوری خاندان کے افراد کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انکو اچھی صحت و اعلیٰ تعلیم اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم پر رہ کر اجتماعی کاوشیں کرنے کے لئے آل پاکستان غوری اتحاد کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔

چاچڑاں شریف ضلع رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے اظہر خان غوری کو غوری برادری کی فلاح و بہبود کے لئے کی جانے والی انکی برسوں کی کاوشوں کے صلے میں اس اتحاد کا بانی سربراہ مقرر کردیا گیا ہے۔

تحصیل سوہاوہ کے معروف صحافی ظفر اقبال غوری کو پاکستان بھر سے غوری برادری میں سے منتخب شدہ بیس رکنی مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔ ماہ رواں کے آغاز میں مظفرآباد ملتان میں آل پاکستان غوری اتحاد کا پہلا کنونشن منعقد کیا گیا جس میں پاکستان بھر سے غوری برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اتحاد کے سربراہ اظہر خان غوری نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں غوری برادری کے بزرگوں اور پر عزم نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غوری برادری کے ان افراد کے لئے جو معاشی طور پر کمزور ہیں اور وہ معاشرے میں کوئی نمایاں مقام نہیں حاصل کر پارہے ان کی بہتری کے لئے اپنے جانی و مالی ایثار کا بھرپور مظاہرہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ آل پاکستان غوری اتحاد کے مذہبی و سیاسی حوالے سے کوئی مقاصد نہیں ہیں۔ یہ خالصتا” اپنی غوری برادری کی فلاح و بقا اور بہتری کے لئے مخلصانہ و دیانتدارانہ کاوشیں کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔ ان شاء اللہ اس کے ذریعے غوری برادری کے معیار زندگی کو بہتر بنا کر نہ صرف وطن عزیز کا مفید شہری بلکہ پوری انسانیت کی بہترین خدمت کرنے والا بنایا جائے گا۔

مرکزی کمیٹی کے رکن ظفر غوری نے کہا کہ غوری برادری نے انکو مرکزی کمیٹی کا رکن منتخب کرکے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ان شاء اللہ میں ان کی توقعات پر پورا اترنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھوں گا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button