اپوزیشن نے شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے کیلئے بلیک میل کیا، فواد چودھری

جہلم میں بجلی بحران میں جلد خاطر خواہ کمی آجائے گی، جہلم میں اڑھائی ہزار کنال جگہ واگزار کرائی جا چکی ہے۔ وزیر اطلاعات

0

جہلم: وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہاہے کہ چیئر مین پبلک اکائونٹس کمیٹی کے معاملے پر شہبازشریف اوران کی پارٹی نے بلیک میل کیا، اپوزیشن کو ملکی ترقی اور امن سے کوئی دلچسپی نہیں ہے،ْ اسمبلی میں قومی ایشوز پر بحث ہونی چاہئے،ْنوازشریف کے خلاف ریفرنسزآخری مراحل میں داخل ہوچکے ہیں، جلد ہی میاں صاحب جیل میں ہونگے۔حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی، ملک میں شفاف طریقے سے احتساب ہو رہا ہے، تحریک انصاف کے لوگ بھی نیب کو جواب دے رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چودھری کا جہلم میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اپوزیشن غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر کے پارلیمانی عمل کی راہ میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے، اپوزیشن کو ملکی ترقی اور امن سے کوئی دلچسپی نہیں ہے، اسمبلی میں قومی ایشوز پر بحث ہونی چاہئے لیکن قو می اسمبلی نیب کے ملزمان کااکھاڑا بن گئی ہے، تمام ملزمان صفائیاں دینے کیلئے قومی اسمبلی کا فورم استعمال کررہے ہیں، اپوزیشن کا ایجنڈہ صرف یہ ہے کسی طرح سے مقدمات سے جان چھڑائی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور آصف زرداری کا مقصد اس کے علاوہ کچھ نہیں کہ جو پیسے پچھلے دس سال میں کمائے ہیں ان کو محفوظ کرسکیں، اس لئے وہ حکومت اورنیب پر گرج برس کر این آر او حاصل کرناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن)کی حکومت نے تمام اداروں کا بیڑا غرق کردیاہے، اب ہم ریزہ ریزہ لیکرنیا پاکستان بنارہے ہیں، حکومت عوام سے کئے گئے وعدو ں پر قائم ہے اور دھیر ے دھیرے آگے بڑھ رہی ہے، اقتدار میں رہنے والی پارٹیوں کااحتساب بلا امتیاز ہورہاہے، تحریک انصاف اقتدار کاحصہ نہیں رہی اس لئے اس کے ارکان کو گرفتار نہیں کیا جا سکتا البتہ کے پی میں تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے سے جن پر الزامات ہیں وہ نیب میں جواب دے رہے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ شہبازشریف کو چیئر مین پی اے سی اس لئے بنایا جارہاہے کہ پارلیمان نہیں چل رہی تھی،ْ شہبازشریف اور ان کی پارٹی نے بلیک میل کیاہے جس کی وجہ سے شہبازشریف کو چیئر مین پی اے سی بنانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ راناثنا ء اللہ کو پہلے سانحہ ماڈل ٹائون پر گرفتار کرنا چاہیے،ْ یہ جو چیخ چلا رہے ہیں ان کو شہبازشریف یا سعد رفیق سے کوئی ہمدردی نہیں ہے، ان کو پتہ ہے کہ ان کی باری بھی آنیوالی ہے۔

وزیراطلاعات نے کہاکہ کوئی محکمہ ایسانہیں جس پر نواز شریف اینڈ کمپنی نے ہاتھ رکھا ہو اور وہ تباہ نہ ہوا ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عوام سے کئے گئے تمام وعدے ضرور پورے کریں گے۔تجاوزات کے خلاف آپریشن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جہاں غریب لوگوں کی رہائشگاہیں ہیں ان کو نہیں ہٹایا جائیگا لیکن کمرشل بنیادوں پر کی گئی تجاوزات کا خاتمہ کردیا جائیگا۔

انہوں نے کہاکہ جہلم کے مسائل کے حل کے حوالے سے بجلی کے بحران میں جلد خاطر خواہ کمی آجائے گی جبکہ گیس کا ملک بھر میں بحران پیدا ہوا ہے اس کا بھی حل جلد کیا جائے گا، جہلم میں اڑھائی ہزار کنال جگہ واگزار کرائی جا چکی ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے،صحت کے مسائل کے بارے وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین صاحبہ سے بات ہوئی ہے جہلم کو صحت کی سہولیات میں مکمل ریلیف دیا جائیگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.