جہلم

جہلم میں کم عمر رکشہ ڈرائیور انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن گئے، ٹریفک بہاؤ میں مشکلات

جہلم: کم عمر رکشہ ڈرائیور انسانی جانوں کیلئے خطرہ بن گئے , ٹریفک بہاؤ میں بھی مشکلات ، بازاروں میں پیدل چلنا محال، اکثریت ڈرائیونگ لائسنس سے محروم ، بعض کے تو شناختی کارڈ ہی نہیں بنے ،سڑک کے دونوں اطراف فروٹ فروخت کرنیوالوں کی ریڑھیاں بھی دکانوں کاروپ دھارچکیں ،گزرنے کے راستے مسدود،شہریوں کا ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لینے کامطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق کم عمر چنگ چی رکشہ ڈرائیور انسانی زندگیوں کیلئے خطرہ بننے لگے ،شہر اور گردونواح میں چنگ چی رکشاؤں کی تعداد میں ہر گزرتے دن کیساتھ تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ، چنگ چی رکشے چلانے والوں کی اکثریت کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہی نہیں ، جبکہ بعض کے تو شناختی کارڈ بھی نہیں بنے ہوئے۔
شہر بھر میں جگہ جگہ چنگ چی رکشاؤں کے اڈے قائم ہو چکے ہیں ،شہر کے چوک چوراہے رکشہ اسٹینڈ میں تبدیل ہو کر رہ گئے ہیں۔ چنگ چی رکشے ٹریفک کے بہاؤ میں بھی مشکلات کا سبب بن رہے ہیں۔ بازاروں میں شہریوں کا پیدل چلنامحال ہو چکاہے ،کمسن ڈرائیور تیز رفتاری سے رکشے چلاتے دکھائی دیتے ہیں اور اکثر اوقات زیادہ سواریاں بٹھانے کے لالچ میں حادثات کا باعث بھی بنتے ہیں۔
دوسری طرف پھل فروٹ ، سبزیاں ، مچھلیاں فروخت کرنیوالوں کی ریڑھیاں سڑک کے دونوں اطراف کثرت سے پائی جاتی ہیں۔ متعدد ریڑھیاں تو دکانوں کا روپ دھار چکی ہیں، سڑکوں پر جگہ مخصوص کر کے با اثر ریڑھی بانوں نے مستقل بنیادوں پر اڈے قائم کر رکھے ہیں جہاں سے میونسپل کارپوریشن کے اہلکار باقاعدگی کے ساتھ بھتہ وصول کرکے تجاوزات قائم کرنے والوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں جس کی وجہ سے گزرنے کے راستے مسدود ہو کر رہ گئے ہیں۔
شہریوں نے ڈی پی او جہلم ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button