فواد چوہدری کی ہدایت پر غیر معیاری کاسمیٹکس کیخلاف آپریشن کا پلان تیار، نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے

0

دینہ: وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کی ہدایت پر پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے غیر معیاری کاسمیٹکس کے خلاف گرینڈ آپریشن کا پلان تیار کرلیا۔ مارکیٹ میں رکھی گئی کاسمیٹکس کے نمونے خفیہ طور پر اکٹھے کر کے ٹیسٹنگ کیلئے لیبارٹری میں بھجوا دیئے گئے۔ مضر صحت کیمیکل انسانی جلد کیلئے کینسر جیسی مہلک بیماریوں کا باعث بننے والے اجزاء استعمال کرنے والی کمپنیوں کو بند کرنے کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائیگی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے حکم پر ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے عبدالعلیم میمن نے ڈائریکٹر سٹینڈرڈ ڈویلپمنٹ سنٹر لاہور زون محمد یٰسین اختر کو ٹاسک سونپ دیا۔ جنہوں نے فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے مارکیٹ سے کاسمیٹکس کے نمونے حاصل کرکے لیب میں ٹیسٹنگ کیلئے بھجوا دیئے ہیں۔ حد سے زیادہ کیمیکل یامضر صحت اجزاء استعمال کرنیوالی کمپنیوں کیخلاف فوری ایکشن لیا جائیگا۔

ڈائریکٹر ایس ڈی سی محمد یٰسین اختر نے کہا ہے کہ پی ایس کیو سی اے سے رجسٹرڈ کمپنیوں کی پروڈکشن روک کر سٹاک ضبط کر لیا جائیگا جبکہ غیر رجسٹرڈ (غیر قانونی) کمپنیوں کے یونٹ سیل کر دیئے جائیں گے۔ مزید برآں ایسی مضر صحت کریموں کا سٹاک بھی سٹورز سے ہٹا دیا جائیگا اور تعاون نہ کرنیوالے سٹور مالکان کیخلاف بھی کارروائی کی جائیگی۔

ڈائریکٹر ایس ڈی سی محمد یٰسین اختر کا کہنا تھا کہ تمام کمپنیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن جلد شروع کیا جائیگا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.