جلالپور شریف

یوسی جلالپور شریف کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم، ہر10 واں شہری ہیپاٹائٹس کا شکار

پنڈدادنخان: یونین کونسل جلالپور شریف کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ، مضر صحت پانی کے استعمال کیوجہ سے ہر10واں شہری ہیپاٹائٹس کا شکار، سیوریج کا نظام تباہ ، سڑکیں اور لنک روڈ خستہ حال گندگی کے جگہ جگہ ڈھیر ،کیمیکل ملے دودھ کی سرعام فروخت کا دھندہ عروج پر ،ابلتے گٹر، اور تعمیراتی کام عرصہ دراز سے بند ،منشیات فروشی سے نوجوان نسل تباہ ہونے لگی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی یونین کونسل جلالپور شریف کے باسی بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کے باعث صحت و صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب عوام کو کئی ایک دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یونین کونسل کے تمام قصبات میں خستہ حال سڑکیں، جابجا کچرے اور گندگی کے انبار کے علاوہ سڑکوں پر سیوریج کا بہتا ہوا گندہ پانی صحت عامہ کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔ عوامی نمائندوں کی جانب سے لاکھوں، کروڑوں مالیتی ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کے دعوے کئے جارہے ہیں لیکن بنیادی سہولتوں کی فراہمی سے متعلق کام صرف فائلوں تک محدود ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یونین کونسل کے بیشتردیہات آج کے ترقی یافتہ دور میں پتھر کے دودکی یاد دلاتے ہیں ۔

مقامی لوگوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عو امی نمائندوں سے بارہا رابطے کرنے کی کوشش کی لیکن عوامی نمائندے اپنے اپنے حلقے میں ان علاقوں کے فنڈز نہ ملنے کا بہانہ بناکر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ وگھ ، چنڈ، نگیال، ڈھیری آرائیاں، لوکڑی، محلہ واٹر سپلائی ،لڈوہ ، پیپلی ، چکری، پیر چک جیسے علاقوں میں سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ۔ لوگوں کے گھروں سے نکلنے والا گندا پانی سیوریج نہ ہونے کے باعث سڑکوں پر جمع ہوتا ہے اور اس گندگی سے مچھروں کی افزائش ہورہی ہے اور کمسن بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔ ان علاقوں پر ووٹ حاصل کرنے کے لئے نمائندے مسائل کو ایک دوسرے پر ڈال کر اپنی ذمہ داری سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔

تاریخی قصبہ جلالپور شریف میں سیوریج لائن عدم صفائی کی وجہ سے بند ہو چکی ہے۔ اس کے بعد تحصیل و ضلعی انتظامیہ نے اس جانب کسی قسم کی کوئی توجہ نہیں دی۔ جس کی وجہ سے بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔ صفائی ستھرائی کا کوئی انتظام موجود نہیں ۔ مذکورہ علاقوں میں گزشتہ 15دن سے سڑکوں پر گندہ پانی بہنے کے سبب عوام کا جینا دوبھر ہوچکا ہے لیکن ان کی سنوائی کرنے والا کوئی ادارہ موجود نہیں۔

منتخب عوامی نمائندوں کا عوام سے کوئی ربط نہیں اور نہ ہی مقامی قیادت نے یونین کونسل جلالپور شریف کے ترقیاتی کاموںکے حوالے سے کبھی دلچسپی لی ہے ۔ ان حالات میں سیوریج کے بڑھتے ہوئے سنگین مسئلہ سے شہری دوچار ہیں جبکہ واٹر سپلائی کی ناقص و بوسیدہ پائپ لائنوں سے شہری پانی کا استعمال کر کے ہیپاٹائٹس جیسی موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں ۔

شہریوں نے ان مسائل کے حل کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف، کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر جہلم سے مسائل کے خاتمے کیلئے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button