جہلماہم خبریں

کورونا سے ایک اور شخص جاں بحق، ایک ہی فیملی کے 23 افراد سمیت 46 افراد میں کورونا کی تصدیق

جہلم: ضلع جہلم میں کورونا کے وار تیز ہو گئے، کورونا سے ایک اور شخص جاں بحق، ایک ہی خاندان کے 23 افراد سمیت 46 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق، تین گھر سیل کر دیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں کورونا وائرس کے وار یک دم تیز ہونے سے کالا گوجراں کے علاقے میں ایک ہی فیملی کے 23افراد سمیت 46 افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے اور ملٹری ہسپتال میں زیر علاج دینہ کے علاقہ مہتہ لوسر کے رہائشی آنریری کیپٹن (ر) محمد اکرم کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے پر ضلع بھر میں کھلبلی مچ گئی، ضلعی انتظامیہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور 3 گھروں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عبدالعزیز نامی شخص کچھ دن سے بیمار تھا جہاں اس کا کورونا ٹیسٹ لیا گیا تو وہ مثبت آیا جس کے بعد اس کے اہلخانہ اور رشتہ داروں کے ٹیسٹ لئے گئے جس میں سے 23افراد کے ٹیسٹ مثبت آنے پر تمام افراد کو قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ باقی رشتہ داروں کے ٹیسٹ لئے جا رہے ہیں۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم محمد سیف انور جپہ نے خود اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ کالا گجراں میں ایک ہی خاندان کے 23افراد کورونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ کورونا کے بڑے حملے کے بعد کالا گجراں میں مذکورہ خاندان کے تین گھر سیل کر دیا گیا ہے اور ان افراد کو انتظامیہ کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرے گی۔


پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ضلع جہلم میں 2 دن میں کورونا کے 46 کیس سامنے آئے ہیں جس کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 269 ہو گئی ہے جبکہ اس بیماری کے شکار زیادہ تر افراد مکمل صحت یاب ہو کر گھروں کو روانہ ہو چکے ہیں۔

ضلع جہلم میں 2 دن میں کورونا کے 46 مثبت کیس سامنے آنے پر ضلع بھر میں زبردست خوف وہراس پا یا جاتا ہے ۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button