جہلم

ایڈیشنل سیکریٹری جیل خانہ جات ہوم ڈپارٹمنٹ کا ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا دورہ، سہولیات کا جائزہ لیا

جہلم: ایڈیشنل سیکریٹری جیل خانہ جات ہوم ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر ثاقب احمد خان نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم کا وزٹ کیا اور جیل اسیران کو دی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ایڈیشنل سیکریٹری جیل خانہ جات ہوم ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر ثاقب احمد خان نے خواتین وارڈ میں داخل تمام خاتون اسیران سے فرداً فرداً ملاقات کی۔
جیل انتظامیہ کی طرف سے خواتین اسیران کو فراہم کردہ تعلیمی سہولیات کے علاوہ فنی تربیت کے شعبہ کا بھی معائنہ کیا گیا۔ صنعت زار کے تعاون سے اُون سے بنائے گئے بچوں کے کپڑوں اور صوفہ کشنز کا کام،سلائی کڑھائی کا کام، مہندی ڈیزائنز کی مہارت، بیوٹیشن کورس کے علاوہ ہاتھ سے بننے والی جیولری کے کام کا بھی معائنہ کیا۔
اس موقع پرخواتین وارڈ اور نو عمروارڈمیں گیزر کا گرم پانی مہیا کرنے اور خواتین اسیران ونو عمر اسیران کو سردی سے محفوظ رکھنے کے لیئے جیل انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا بھی خصوصی جائزہ لیا۔
دوران وزٹ ایڈیشنل سیکریٹری جیل خانہ جات ہوم ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر ثاقب احمد خان نے لٹریسی ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ناخواندہ اسیران کے لیئے خصوصی طور پر جیل میں بنائے گئے تعلیم بالغاں کے مراکز کا معائنہ کیا جس کے دوران جیل سپرنٹنڈنٹ کی طرف سے ناخواندہ نوعمر خواتین اسیران ، عادی منشیات اسیران کے علاوہ دیگر مقدمات میں ملوث حوالاتی و قیدیوں کی تعلیم و تربیت کے سلسلہ میں منعقد کی گئی کلاسز کے بارے میں بریفنگ دی۔
جیل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ جرائم میں ملوث اسیران کو علم کی روشنی سے روشناس کروا کر معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے اندرون جیل کچن اسیران کا بھی وزٹ کیا اور جیل اسیران کے کھانے کے معیار کو چیک کیا۔
علاوہ ازیںاپنی مدد آپ کے تحت کچن اسیران کے اطراف میں تعمیر کردہ دیواراور آرٹ کے مونو گرام کو سپرنٹنڈنٹ جیل کی ذاتی دلچسپی کا عملی نمونہ قرار دیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل فرخ سلطان نارُو کی جیل اسیران کی نفسیاتی دیکھ بھال کے لیئے ماہر سائیکالوجسٹ ڈاکٹر صدف نعمان کنسلٹنٹ کو مقرر کئے جانے کے اقدام کو زبردست سراہا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button