دینہاہم خبریں

وزیراعظم پاکستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے ماڈل پولیس اسٹیشن دینہ کا افتتاح کردیا

دینہ: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ویڈیو لنک کے ذریعے ماڈل پولیس اسٹیشن دینہ کا افتتاح کردیا۔
بذریعہ ویڈیو لنک دینہ کے ماڈل پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اس ماڈل پولیس اسٹیشن کے قیام پر وہ محکمہ پولیس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جب پولیس اسٹیشن میں کوئی شہری آتا ہے تو اسے اس طرح کا ماحول ملے گا تو وہ پولیس پر اعتماد کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اگر پولیس اچھا کام کرے تو ملکی تقدیر بدل جاتی ہے۔ ماڈل پولیس اسٹیشن نئی سوچ کی شروعات ہیں، نئے پاکستان کا مطلب نئی سوچ ہے، تھانہ کچہری اور پٹواری کی سوچ نے ہمارے ملک کو تباہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماڈرن پولیس اسٹیشن میں عوام کا دھکے کھانے اور سفارش کی بجائے میرٹ پر کام ہوگا، یہ ایک نہایت اچھا اقدام ہے اور یہ ماڈل پولیس اسٹیشن پورے پنجاب کے لیے مثال ہوں گے۔ پولیس ایک بہترین ادارہ ہے جس میں تمام افسران اور ملازمین کو عوام کو عزت دینا ہوگی تبھی جرائم کا ملک سے خاتمہ ہوسکتا ہے۔

ماڈل پولیس اسٹیشن دینہ کے افتتاح کے بعد ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم کیپٹن (ر) سید حماد عابد نے کہا کہ پنجاب کے 29تھانوں کو ماڈل بنا کر عوام کو عزت کے ساتھ ساتھ ان کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومت پنجاب ایسے اقدامات کررہی ہے جس سے ناصرف جرائم میں کمی ہوگی بلکہ عوام کو تھانوں میں عزت ملے گی
انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کا یہ ایک بہترین قدم ہے کہ عوام کسی بھی اپنے جائز کام کے لیے تھانے میں جاتے ہیں تو وہاں ان کو ایک ہی جگہ پر تمام سہولیات مل سکیں۔ جس سے ناصرف محکمہ پولیس کے افسران اور ملازمین باوقار ہونگے بلکہ وہ عوام کو عزت دیکر اپنے لیے فخر محسوس کرینگے۔

ڈی پی او جہلم سید حماد عابد نے کہاکہ اس سے قبل لوگ تھانوں میں جاتے تھے اور حوالات میں منشیات ڈکیتی راہبری اور سنگین جرائم میں ملوث مجرمان کے ساتھ سیلفیاں بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرتے تھے لیکن حکومت نے جرائم کے خاتمہ کے لیے ماڈل تھانے بنا کر ایک ایسی پالیسی روشناس کروائی ہے کہ اب جرائم کا خاتمہ یقینی ہوگا اور پولیس اس میں اپنا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ تفتیشی افسران بھی تفتیش کو براہ راست سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائیگا اور ان کو علیحدہ تفتیشی روم جن میں تمام سہولیات میسر ہونگی دیئے جائیں گے۔

ڈی پی او جہلم نے کہاکہ اب پولیس ہیلپ لائن کے ذریعے کوئی بھی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیساتھ بات کرسکتا ہے۔کیونکہ حکومت پنجاب کا عزم پولیس کے رویوں کو درست کرنے کے ساتھ ساتھ جرائم کا خاتمہ اور عوام کو عزت دیکر ان کے جائز کام قانون اور میرٹ کے مطابق حل کرنا ہے جس کو ہم یقینی بنائیں گے۔
اس تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ،رکن قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف،ارکان پنجاب اسمبلی راجہ یاور کمال خان، سبرینہ جاوید،قاری محمد عمر فاروق کے علاوہ معززین ضلع کی کثیر تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر موجود تمام معززین نے حکومت پنجاب کے ساتھ ساتھ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب شعیب دستگیر کے اس کام کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ عمل ہر ضلع کے تمام تھانوں میں ہونا چاہئے کیونکہ اگر پولیس کے رویے درست ہونگے تو عوام میں ان کا احترام بڑھے گا جبکہ سب ملکر اس ملک کو جرائم اور برائی سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت کا ماڈل تھانوں کا ویژن قابل ستائش ہے جس میں انہوں نے عوام کو عزت دینے کے لیے ہر ممکنہ سہولیات فراہم کرکے ایک نئی مثال کی ہے جسے یقینا جاری رکھا جائیگا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button