جہلم میں پاکستان کا پہلا انسٹیٹیوٹ فارڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن

تحریر: چوہدری سہیل عزیز

0

جہلم کی دھرتی جو شہیدوں غازیوں کے شہر کے نام سے منسوب ہے دریائے جہلم کنارے بسنے والے جہلمیوں کی سوچ بھی دریائے جہلم کے شفاف پانی کی طرح ہے،یہی وجہ ہے جہلمیوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کارنامے سرانجام دیئے۔

پاکستان میں پہلے ڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن کے ادارہ کی بنیاد رکھنے والے شخص کا تعلق بھی جہلم شہر سے ہی ہے اپنے ڈاؤن سنڈروم بچے کی معذوری کو دیکھتے ہی جلال اکبر ڈار نے تہیہ کر لیا کہ وہ نہ صرف جہلم میں پاکستان کا پہلا ڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن انسٹییٹیوٹ بنائے گا بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ڈاؤن سنڈ روم بچوں کو پاکستان میں سرکاری سطح پر پانچویں معذوری قرار دلوانے میں بھی دن رات ایک کر دے گا۔

خدمت کا جذبہ ہو تو پلیٹ فارم کوئی اہمیت نہیں رکھتا جلال اکبر ڈار نے اس سلسلہ میں عملی طور پر جدوجہد کا آغاز 2013میں شروع کیا سب سے پہلے قربانی کے لیے خود کو پیش کیا،اور دریائے جہلم کے کنارے پر واقع اپنے تین کنال اراضی پر محیط گھر کو اس انسٹیٹیوٹ کے لیے وقف کر دیا،اور 15مئی 2013کو الجلال انسٹیٹیوٹ فار ڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن بورڈنگ کمپلیکس کی تعمیر کا آغاز کیا جو اس وقت ساڑھے سات کروڑ کی لاگت سے مکمل ہو چکا ہے، اس کمپلیکس میں 270بچوں کو رکھنے کی گنجائش ہے الجلال انسٹیٹیوٹ میں ترجیح غریب بے سہارا لاوارث اور یتیم بچوں کو دی جاتی ہے،ان بچوں کی زندگی کی تمام ضروریات بالکل مفت فراہم کی جاتی ہیں۔

الجلال انسٹیٹیوٹ فار ڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن جہاں بچوں کو پک اینڈ ڈراپ اورتعلیم و تربیت کی سہولیات مہیا کرتاہے وہاں سپیشل بچوں کو کھانا ،اپنے کام خود کرنا ،دینی معلومات کے ساتھ نماز،پینٹنگ ،چھوٹے چھوٹے کام بچیوں کو کچن کے معاملات صفائی کھانا پکانا سکھایا جاتا ہے۔اسی طرح الجلال چلڈرن ہسپتال میں ڈاؤن سنڈ روم سپیشل بچوں اور دوسری تمام معذوری والے بچوں اور بڑوں کو علاج کی مفت سہولت میسر ہے دل کے امراض میں دل میں سوراخ مبتلا ڈاؤن سنڈ روم بچوں کے علاج اور ان کو مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ الجلال فزیو تھراپی لیب میں ڈاؤن سنڈ روم بچوں کی جدید ترین مشینوں اور ورزشوں کے ذریعے جسمانی معذوری کو دور کیا جاتا ہے،سپیچ تھراپی کا ایک شعبہ بھی الجلال انسٹیٹیوٹ فار ڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن میں موجود ہے جس میں کم بولنے اور بولنے سے محروم بچوں کو سپیچ تھراپی کے ذریعے ان کی بولنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جاتا ہے اور انہیں بولنے کے قابل بنایا جاتا ہے۔الجلال انسٹیٹیوٹ فار ڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن کے الجلال ہوم میں ڈاؤن سنڈر وم سپیشل بچوں اور دوسرے نارمل یتیم ،بے سہارا بچوں کو رہائش ،تعلیم و تربیت و زندگی کی دیگر تمام ضروریات فراہم کی جاتی ہیں۔

اسی طرح الجلال لیبارٹری،جہاں الٹراساؤنڈ ،ای سی جی اور تمام دوسرے بلڈ ٹیسٹ ڈاؤن سنڈ روم سپیشل بچوں اور ہر طرح کی معذوری والے بچوں اور بڑوں کے فری ٹیسٹ کئے جاتے ہیں،الجلال لنگر کے نام سے منسوب دستر خوان کا بھی اہتمام ہے جہاں غرباء مساکین کو دو وقت کا کھانا دیا جاتا ہے،اسی طرح پاکستان کے اس پہلے الجلال انسٹیٹیوٹ فار ڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن کے زیر اہتمام آل پاکستان آگاہی مہم کا ایک باقاعدہ شعبہ ہے جس کا مقصد پاکستان کے تمام شہروں میں ڈاؤن سنڈ روم سپیشل بچوں کے لیے آگاہی کے سلسلہ میں کیمپ لگانا ہے اس طرح جہلم میں قائم پاکستان کے پہلے الجلال انسٹیٹیوٹ فار ڈاؤن سنڈ روم سپیشل چلڈرن میں ایک شعبہ سائیکو تھراپی کا بھی ہے جہاں ذہنی کمزور ،نفسیاتی امراض میں مبتلا بچوں ،بڑوں کو علاج کیا جاتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.