علامہ اقبال سکول دینہ میں یوم پاکستان و سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

علامہ اقبال سکول دینہ مستقبل کے معماروں کو حصول تعلیم کے سلسلہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، مقررین

0

دینہ: علامہ اقبال سکول دینہ میں سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد، سکول کے بچوں نے تلاوت، نعت، تقاریریں اور ملی نغمے پیش کئے،مہمانوں نے کامیاب ہونے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔ علامہ اقبال سکول دینہ مستقبل کے معماروں کو حصول تعلیم کے سلسلہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، سپر ہینڈز چیرٹی کے زیر اہتمام علامہ اقبال سکول دینہ میں غریب اور نادار طلباء و طالبات زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں، مقررین کا شرکاء سے خطاب۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزدینہ میں غریب و متوسط طبقہ کے بچوں کو مفت تعلیم دینے والا سپر ہینڈز چیرٹی کا ادارہ علامہ اقبال سکول دینہ کے زیر اہتمام سالانہ امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات میں تقسیم انعامات اور یوم پاکستان کی نہایت ہی پروقار تقریب کا انعقادکیا گیا۔ پروقار تقریب میں بچوں نے تلاوت قرآن پاک، نعت رسول مقبول ﷺ ، ملی نغمے اور خاکے پیش کرکے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔ اردو،انگلش اور عربی میں تقریروں کے ساتھ ساتھ ٹیبلو شو بھی پیش کئے۔

تقریب میں مہمان خصوصی ارشد محمود بیگ، افتخار احمد مغل چیئرمین علامہ اقبال سکولز پاکستان ٹرسٹ،ٹرسٹی سپر ہینڈز چیرٹی محترمہ پروین اختر، سعیدہ ناہید،عاسمہ ناز، شمائلہ قیصر، پرنسپل سکول ہذا عذرا نسرین، افتخار احمد خان،مشتاق احمد، چوہدری محمد شفیق، سابق پرنسپل سکول ہذا شوکت اقبال، ساجدہ یاسمین خان پرنسپل علامہ اقبال سکول اسلام گڑھ نے شرکت کی۔

کوآرڈینیٹر سپرہینڈز چیرٹی حاجی فضل حسین مجاہد،راجہ ساجد نواز جنرل کونسلر میونسپل کمیٹی دینہ، ندیم ساجد مغل،مرزا زاہد محمود ناگی ریونیو انچارج پی ٹی سی ایل دینہ، مرزا شفیق الزمان،معروف صحافی امجد محمود سیٹھی، ملک بوستان، سید توقیر آصف شاہ، حاجی اظہر چوہدری، محمد افضل، عادل چوہدری، چوہدری عثمان گجر، عثمان بٹ کشمیری، خواجہ اسحاق، ارمغان، محمد عارف چوہدری، شیخ ارشدمحمود سمیت معززین شہریوں اور طلباء و طالبات کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر مقررین نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال سکول میں زیر تعلیم بچوں کو مستقبل کا بہترین فرد بنانے کیلئے ہر وہ اقدام اٹھا رہے ہیں جو معاشرے میں ایک بہترین انسان کی ضرورت ہوتی ہے۔ علم کسی کی میراث نہیں، یہ ملک کے ہر فرد کا بنیادی حق ہے اور دنیا میں وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو تعلیم کو اپنا اُوڑنا بچھونا بناتی ہیں کیونکہ تعلیم انسان میں شعور کو اُجاگر کرتی ہے، اسے صحیح اور غلط میں تمیز سکھاتی اور غور و فکر کی جانب مائل کرتی ہے جس کے نتیجے میں معاشرہ ترقی کی منازل طے کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان منانے کا مقصد نوجوان نسل کو نظریہ پاکستان سے روشناس کروانا ہے، کیونکہ ہماری عزت و احترام اپنے ملک کی شان اور بقاء میں ہے جسے ہم نے ہر حال میں برقرار رکھنا ہوگا۔

مہمانوں نے سکول میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے۔تقریب کے اختتام پر پرنسپل سکول ہذا محترمہ عذرا نسرین نے آنے والے معززین کا شکریہ ادا کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.