موجودہ حالات میں سیاسی اورعسکری قیادت ایک پیج پر ہے، فواد چوہدری

0

وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جنرل قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع بہت ضروری تھی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ نومبر میں کرتارپورراہداری کھل رہی ہے، مدت ملازمت میں توسیع اہم ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات بھی موجودہ صورت حال میں اہم ہیں، افغانستان میں قیام امن اورطالبان سے امریکی مذاکرات بھی ہو رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جنرل قمرجاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع بہت ضروری تھی، فیصلے سے ظاہرہوتا ہے سیاسی اور عسکری قیادت کے تعلقات کیسے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک طاقت ہے آنکھیں بند کردینے سے کچھ نہیں ہوتا، سیاسی اورعسکری قیادت ایک پیج پر ہے جس کا اظہار روز کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز حکومتِ پاکستان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید تین سال کے لیے پاک فوج کا سالار مقرر کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ ملک کی مشرقی سرحد کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر کیا۔ فیصلہ کرتے ہوئے بدلتی ہوئی علاقائی صورت حال،خصوصاً افغانستان اور مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظرمیں کیا گیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.