عید الاضحی پر انتظامیہ کے اہلکار صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے دن رات کوشاں رہیں گے، ذوالفقار احمد

0

سوہاوہ: عیدالاضحی کے حوالے سے اے سی سوہاوہ کی علماء اور میڈیا نمائندگان سے خصوصی ملاقات، فری مویشی منڈی کے قیام، عید کے موقع پر صفائی کے نظام کو بہتر بنانے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز عید الاضحی کے حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ذوالفقار احمد نے علمائے کرام اور صحافیوں کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی جس میں سوہاوہ کے شہریوں کو قربانی کے جانوروں کی خریدوفرخت کے حوالے سے تحصیل انتظامیہ کی جانب سے قائم کی گئی مویشی منڈی کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اے سی سوہاوہ نے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے شہریوں کی سہولت کے لئے گندم کے گوداموں کے ساتھ فری مویشی منڈی قائم کی ہے جس میں کسی بھی جانور کی خرید وفروخت پر کوئی ٹیکس وصول نہیں کیا جارہا ۔ اس کے علاوہ جانوروں کے لئے پانی اور دیگر سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

اس ضمن میں انہوں نے شہریوں سے توقع ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ سب لوگ قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت اسی منڈی سے کریں گے تاکہ شہر میں جگہ جگہ جانوروں کی خریدوفروخت کو روکا جاسکے جو کہ شہر میں صفائی کے نظام کو درہم برہم کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ عید الاضحی کے تینوں ایام میں انتظامیہ کے اہلکار صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے دن رات کوشاں رہیں گے۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو شہر میں جگہ جگہ پھینکنے کی حکومت کی جانب سے مخصوص کئے گئے فون نمبر پرمطلع کریں تاکہ انتظامی عملہ بروقت آپ کے پاس پہنچ کر ان آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کر سکے۔ اس کے علاوہ اگر آپ کے گھر سے آلائشوں کو نہیں ہٹایا جارہا تو آپ کو خصوصی شکایت سیل کا ایک واٹس ایپ نمبر بھی دیا جائے گا جس پرآپ رابطہ کرکے مطلع کرسکتے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.