وزیراعلیٰ پنجاب کا پروگرام صاف دیہات یونین کونسل جلالپور شریف میں بری طرح ناکام

0

جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کا پروگرام صاف دیہات یونین کونسل جلالپور شریف میں بری طرح ناکام،گلی محلوں میں کئی کئی فٹ گندا پانی جمع ، تعفن پھیلنے سے شہری بیماریوں میں مبتلا، ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ ۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی یونین کونسل جلالپور شریف مسائل کی دلدل میں پھنس چکی ہے، گلی، محلے، چوک، چوراہے نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے جوہڑ وں کا منظر پیش کرنے لگے ، علاقہ مکینوں کو پیدل چلنے میں شدید دشواری کا سامنا ،جلالپور شریف کی بیشتر سڑکیں اور گلیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں، حادثات روزانہ کا معمول بن چکے ہیں،موجودہ ممبر صوبائی اسمبلی ، ممبر قومی اسمبلی ، چیئرمین ضلع کونسل لمبی تان کر سو گئے ہیں۔

اہلیان علاقہ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ، جسکی وجہ سے علاقہ مکین مختلف بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں ، گندے پانی کے جوہڑوں کی وجہ سے نمازیوں اور بزرگ شہریوں سمیت طلباء و طالبات کا بھی گلیوں میں سے گزرنا محال ہو چکا ہے ، سیوریج کی دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث سیوریج لائنیں بند ہونے کیوجہ سے گلی محلوں میں گندا پانی جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے ، گلیوں میں گندگی اور تعفن سے شہری عاجز آچکے ہیں ،علاقہ مکینوں کا کوئی پرسان حال نہیں ،یونین کونسل جلالپور شریف کے شہری ترقیاتی کام نہ ہونے کے باعث دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

جلالپور شریف کے شہریوں کا کہنا ہے کہ پچھلے کئی سالوں سے مسلم لیگ ن کے ممبران قومی و صو بائی اسمبلی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنا رہے ہیں ، موجودہ دور میں ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے علاقہ مکینوں نے فیصلہ کیا ہے کہ آمدہ انتخابات میں سوچ سمجھ کر نمائندے منتخب کریں گے جنہیں علاقہ اور عوام کے ساتھ ہمدردی ہوگی۔

علاقہ مکینوں نے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی ، چیئرمین ضلع کونسل، ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل جلالپور شریف کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے فنڈز جاری کئے جائیں تاکہ علاقہ مکین سکھ کا سانس لے سکیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.