سوہاوہاہم خبریں

سوہاوہ کا رہائشی پاک آرمی کا ایک اور جوان وطن پر قربان

سوہاوہ: نواحی علاقے کشمیر کالونی کا رہائشی پاک آرمی کا جوان سوات میں شہید، نماز جنازہ میں فوجی افسران،سیاسی وسماجی شخصیات اور اہالی علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی،کلمہ شہادت کی صداؤں میں سپردخاک، فوجی دستے نے سلامی پیش کی اوراعلیٰ افسران کی جانب سے قبرپر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سوہاوہ کے نواحی علاقے کشمیر کالونی کے رہائشی پاک آرمی کے جوان نائیک محمد صادق ولد حاجی عالم دین جو کہ سوات میں شہید ہوگئے تھے کی نماز جنازہ کی ادائیگی اوربعد ازاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔

نماز جنازہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ رواتڑہ شریف پیر سید عرفان امیر شاہ بخاری نے پڑھائی جس میں فوجی افسران کے علاوہ سیاسی وسماجی شخصیات سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ندیم خادم، چیئرمین میونسپل کمیٹی سوہاوہ راجہ شارق رزاق، چیئرمین یونین کونسل لہڑی راجہ احمد حسین شوکت،سابق سٹی ناظم سوہاوہ نصرت اللہ شاہ بخاری، سابق نائب ناظم سٹی سوہاوہ چوہدری نائیک محمد شبیر سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد صاحبزادہ تنزیل الرحمن شاہ آستانہ عالیہ دیوان حضوری نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعا کی۔ بعد ازاں کلمہ شہادت کی صداؤں کے ساتھ شہید نائیک محمد صادق کا جسد خاکی لحد میں اتارا گیا۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی اور چیف آف آرمی سٹاف اور دیگر اعلیٰ افسران کی جانب سے شہید کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں اور قبر کے سرہانے سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔

شہید کے جنازہ میں شریک تمام افراد انکے لواحقین جن میں انکے والدمحترم حاجی عالم دین، چچا مولانا لعل حسین اور بھائیوں سمیت دیگر عزیزواقارب شامل تھے سے تعزیت کا اظہار کرتے رہے۔شہید محمد صادق پاک فوج کی آرڈننس کورمیں گزشتہ 25سالوں سے اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

ایک اعلیٰ افسر لیفٹیننٹ نفیس کرامت نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک نہایت ہی شفیق اور بااخلاق انسان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک جرات مند اور مجاہدانہ سوچ کے حامل سپاہی تھے۔ انکی کمی ہماری یونٹ کو ہمیشہ محسوس ہوتی رہے گی۔شہید نے بیوہ کے علاوہ دو بیٹیا ں سوگوا ر چھوڑی ہیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button