سوہاوہاہم خبریں

پولیس جدید ٹیکنالوجی کو ضلعی سطح پر مزید موثر کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سہیل حبیب تاجک

سوہاوہ: آر پی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک کا تھانہ سوہاوہ اور ڈومیلی کا دورہ، ڈی پی او جہلم کے ہمراہ تھانہ کی تزئین و آرائش اور مرمتی کام کا جائزہ لیا جبکہ پولیس تھانہ سوہاوہ اور ڈومیلی کے ملازمین کو بہترین کارکردگی پر نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ سے نوازا، ڈی ایس پی سوہاوہ بھی اس موقع پر انکے ہمراہ موجود تھے۔

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز آرپی او راولپنڈی سہیل حبیب تاجک نے ڈی پی او جہلم رانا عمر فاروق کے ہمراہ پولیس تھانہ سوہاوہ کا دورہ کیا جہاں انہیں چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی آر پی او راولپنڈی نے پولیس تھانہ سوہاوہ کی بلڈنگ میں تعمیراتی کام اور تزئین و آرائش کا تفصیلی جائزہ لیا۔

آر پی او راولپنڈی نے پولیس تھانہ سوہاوہ کے ایس ایچ او ظہیر الدین بابر اور ملازمین کو بہترین کارکردگی پر نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ بھی دیئے ۔ڈی ایس پی سوہاوہ سید اقبال کاظمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

آر پی او سہیل حبیب تاجک نے تھانہ ڈومیلی کا بھی دورہ کیا۔ بلڈنگ کی تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ علاقہ میں جرائم کی روک تھام کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

آر پی او راولپنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے انہوں نے پولیس تھانہ سوہاوہ سے ملحقہ کوارٹرز میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کی رہائش بنانے کی یقین دہانی کروائی۔

میڈیا کے سوال پر آر پی او راولپنڈی نے بتایا کہ دینہ ماڈل تھانے کی طرزپر بہت جلد تھانہ سوہاوہ کو بھی ماڈل تھانہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے بہت جلد ضلع جہلم میں بھی پولیس میں بھرتیوں کا سلسلہ شروع کیا جائیگا جس کے بعد نفری کی کمی کے مسائل بھی حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس جدید ٹیکنالوجی کو ضلعی سطح پر مزید موثر کرنے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے، بہت جلد تمام تھانوں اور ڈی ایس پی سرکل میں موبائل لوکیشن وغیرہ کی سہولیات فراہم کر دی جائیں گی جبکہ انہوں نے سوہاوہ شہر کے مضافات میں پولیس گشت کو مزید موثر بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔

ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی ریجن نے بہترین کارکردگی دکھانے والے جہلم پولیس کے16 افسران و ملازمین کو CC-IIسرٹیفکیٹ اور کیش انعامات سے نوازا جبکہ 14افسران و ملازمین کو کیش انعامات دیے گئے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close