جہلماہم خبریں

سامعہ شاہد قتل کیس نئے موڑ میں داخل، مرکزی ملزم شکیل ضمانت پر رہا

جہلم:پاکستانی نژاد برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے سامعہ شاہد قتل کیس میں نامزد ملزم کی ضمانت پر رہائی سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے مداخلت کا مطالبہ کردیا۔

برطانوی پارلیمنٹیرین ناز شاہ نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط میں کہا ہے کہ سامعہ ان کے حلقہ بریڈ فورڈ سے تعلق رکھتی تھی، ان کو پاکستان کے علاقہ جہلم میں غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جس کے ٹھوس شواہد ہونے کے باجود ملزم کی ضمانت پر رہائی نے کئی سوالات جنم دیئے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سامعہ شاہد قتل کیس میں ملوث ملزم چوہدری شاہد انتقال کر گیا

ناز شاہ نے عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ خود کیس میں مداخلت کرکے سامعہ شاہد کے خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔

مقتولہ سامعہ شاہد کی سابق شوہر سے شادی کے وقت کی تصویر

برطانوی رکن پارلیمنٹ نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کو بھی اس بات کا ادراک ہے کہ غیرت کے نام پر قتل دنیا بھر میں ایک کینسر کی صورت اختیار کرچکا ہے، اس مرض کو اب معاشرے سے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

ناز شاہ نے کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ واضح رہے کہ سامعہ شاہد کو جولائی 2016 میں جہلم میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تھا۔

بریڈ فورڈ کی رہائشی 28 سالہ سامعہ اپنے والدین کے گھر جہلم آئی تھی، جہاں ان کی موت واقع ہوگئی۔ اہل خانہ کا دعویٰ تھا کہ سامعہ دل دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی ہے، مگر سامعہ کے دوسرے شوہر مختار سید کاظم نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے پولیس کو رپورٹ درج کروائی تھی کہ ان کی اہلیہ کو قتل کیا گیا ہے کیونکہ ان کے سسرال والے اس شادی کے خلاف تھے۔

سامعہ شاہد کی پہلی شادی والدین نے چوہدری شکیل نامی شخص سے کرائی تھی تاہم سامعہ نے اس کو چھوڑ کر اپنی مرضی سے مختار سید کاظم سے دوسری شادی کی۔

پولیس نے دوسرے شوہر کی درخواست پر مقدمہ درج کرکے سامعہ کے والد چوہدری شاہد اور سابقہ شوہر چوہدری شکیل سمیت متعدد دیگر افراد کو نامزد کردیا۔

بعد ازاں 15 دسمبر 2016 کو لاہور ہائیکورٹ نے ’عدم ثبوت‘ کے بنا پر سامعہ کے والد چوہدری شاہد کو ضمانت پر رہا کردیا اور کچھ عرصے بعد وہ انتقال کرگئے جبکہ اس کے پہلے شوہر چوہدری شکیل کو گزشتہ دنوں ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button