جہلم

عیدالاضحیٰ میں 12 روز باقی رہ گئے، انتظامیہ ضلع بھر میں مویشی منڈیوں کا تعین نہ کر سکی

جہلم: عیدالاضحی میں 12 روز باقی رہ گئے، انتظامیہ ضلع بھر میں مویشی منڈیوں کا تعین نہ کر سکی۔ شہر سمیت ضلع بھر میں درجنوں مویشی منڈیاں قائم، بیماریاں پھوٹنے کا اندیشہ ، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں مویشی منڈیاں قائم کر دی گئیں ہیں، سنت ابراہیمی ادا کرنے والے افراد مویشی خرید رہے ہیں جبکہ ضلع جہلم میں شہر سمیت کسی جگہ پر بھی مویشی منڈیوں کے لئے جگہ مختص نہیں کروائی جا سکی جس کی وجہ سے بیوپاریوں نے شہر سمیت ضلع بھر کے چوک چوراہوں ، گلی محلوں سمیت سڑکوں کے اطراف جانور باندھ کر بیماریاں بانٹنی شروع کررکھی ہیں۔

اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے فوجی مل گراؤنڈ ، بلال ٹاؤن ، چونترہ کھرالہ میں مویشی منڈیاں قائم کی جاتی تھیں، جہاں سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے لئے شہری اپنی پسند کے جانور خرید کر گھروں میں لے آتے تھے۔

پہلی مرتبہ ضلعی انتظامیہ نے جانوروں کی منڈیوں اور جگہ کا تعین نہیں کیا جس کیوجہ سے جانوروں کی خریداری میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ مویشی منڈیوں میں مقابلے کا رجحان ہوتا ہے ۔

بیوپاری مناسب قیمتوں پر جانور فروخت کر دیتے ہیں ، منڈیاں قائم نہ ہونے کیوجہ سے بیوپاری من مرضی کے نرخ وصول کر کے شہریوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ جہلم سمیت ضلع بھر میں مویشی منڈیوں کے لئے جگہ مختص کی جائے تاکہ شہری مویشی خرید کر سنت ابراہیمی ادا کر سکیں۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button