معروف شاعرہ یاسمین سحر کے اعزاز میں محفل مشاعرہ اور مختلف شعری مجموعوں کی تقریب رونمائی

0

جہلم: امریکہ میں مقیم معروف شاعرہ محترمہ یاسمین سحر کے اعزاز میں ایک یادگار شام ڈپٹی کمشنر جہلم سیف انور جپہ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔مہمان خصوصی محترمہ یاسمین سحر تھیں۔

اس تقریب میں معروف شاعر اقبال کوثر (مرحوم)کے شعری مجموعہ ’’ورائے خاک‘‘،محترمہ یاسمین سحر کے شعری مجموعہ ’’دیا سلائی‘‘ اورپروفیسر(ر)محمود پاشا کے شعری مجموعہ ’’بحربے کنار‘‘ کی رونمائی اور مشاعرہ کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کے مہمانان اعزازمعروف شعرائے کرام قمررضا شہزاد،شمشیر حیدر، ارشد شاہین اورعمران عامی تھے۔نظامت کے فرائض شاہد بلال نے انجام دیے۔اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نوید اعجازنے تلاوت کلام پاک سے آغاز کیا اور تنویر طاہر کیانی نے نعت رسول مقبول ﷺپیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔

تقریب کے پہلے دور میں ان شعری مجموعوں پر اقبال احمد قمر،سید انصر اور قمرصدیقی اوردیگر نے اظہار خیال کیا۔

دوسرادورمشاعرہ کا تھا جس میں قمررضاشہزاد، یاسمین سحر،شمشیرحیدر،محمودپاشا،ارشد شاہین،عمران عامی،فقیہ حیدر،اشفاق شاہین، سید انصر،اقبال احمد قمر،زبیر قیصر،سیدابن مظہر، شیرزاختر مغل ،سید جاوید،مرزاسکندربیگ ،اقبال ناظر،امجد میر،امین فاروقی،عثمان عبدالقیوم نے کلام پیش کیا۔

مشاعرہ کے دوسرے دور میں سعید میر ،یونس عاشر،سائل نظامی،راشدمنیر، اعجازروشن،تنویر طاہرکیانی ،ایم ایم یادش،آصف زمان ڈار، عاصمہ ناز،سید قنبرعلی شاہ، احسان شاکر،امداد حسین،انعمتا علی،سید علی شاہ رخ، اویس علی ،حنا کوثر،سائرہ جبیں،معاویہ علی، عبدالصمد سبحانی ،نعمان نومی اور شاہدبلال نے کلام پیش کیا۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے نئے شعری مجموعوں پر تمام شعرائے کرام کو مبارکباد پیش کی۔انھوں نے کہا کہ کتاب کی اہمیت کوسمجھتے ہوئے ہم نے اقبال لائبریری کی عمارت کی تزئین وآرائش کا کام مکمل کردیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اقبال لائبریری کے دو بڑے ہالوں میں سے ایک ہال ادبی تنظیموں کے لیے مختص کرنے کا اعلان کیا تاکہ یہاں پر مختلف ادبی سرگرمیاں انجام دی جاسکیں۔

تقریب کے اختتام پر معروف شاعرصدیق سورج کے صاحبزادے کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.