بلدیہ اہلکاروں نے دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر شہر کا کوڑا کرکٹ پھینکنا شروع کر دیا

0

دینہ: جی ٹی روڈ دینہ سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر رتیال معصوم شاہ دربار کے پاس ٹی ایم اے اہلکاروں نے شہر کا کوڑا کرکٹ پھینکنا شروع کر دیا، جس میں موجود زہریلے اور کیمیکل والے ذرات کھانے سے لاکھوں کے قیمتی جانور ہلاک ہونے لگے، رتیال ، تین پورہ ، اور گردونواح کے رہائشی لوگوں کا چیئرمین بلدیہ سے ڈمپنگ پوائنٹ تبدیل کرنے کامطالبہ، بصورت دیگر ہم پرامن احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں:اہل علاقہ۔

تفصیلات کے مطابق ٹی ایم اے دینہ کے اہلکار پہلے جی ٹی روڈ پر چونگی کے پاس کوڑا کرکٹ پھینکتے تھے جس کے بعد شہری حلقوں کی طرف سے احتجاج کی کال آنے پر ڈمپنگ پوائنٹ تبدیل کر کے نالہ گھان پر بنے پُل کے پاس پھینکنا شروع کر دیا جب پُل کی شکستہ دیواریں کوڑا کرکٹ کا بوجھ نہ برداشت کر سکیں تو پُل زمین بوس ہو گیا، جس پر ڈیمپنگ پوائنٹ کو تبدیل کر کے بٹالی موڑ جی ٹی روڈ پر بنا دیا گیا۔

آس پاس کی آبادی نے اس پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا اور آئی جی موٹر وے پولیس جی ٹی روڈ سے گزرے اور انھوں نے بد بو اور تعفن پر حکم صادر کیا کہ ڈمپنگ پوائنٹ یہاں سے تبدیل کیا جائے جس پر اب رتیال بابا معصوم شاہ دربار کے پاس کوڑا کرکٹ کے باعث جانوروں کی ہلاکت میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آس پاس کی آبادی کے لوگوں نے اپنے قیمتی جانوروں کی ہلاکت اوربد بو تعفن کی وجہ سے بیماریاں پھیلنے کے باعث چیئر مین بلدیہ دینہ میاں محمد عاشق سے پر زور اپیل کی ہے کہ یہاں سے ڈمپنگ پوائنٹ فوری طور پر تبدیل کر کے ایسی جگہ کوڑا کرکٹ پھینکا جائے جہاںپر نزدیک کوئی آبادی موجود نہ ہو۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.