پنڈدادنخان سمیت ضلع بھر کے غریب عوام کا احساس محرومی ختم کریں گے۔ پیر سید انیس حیدر

پیر انیس حیدر اور نعمان حیدر کے پنڈدادنخان کے کامیاب دورے،جگہ جگہ والہانہ استقبال

0

پنڈدادنخان: سجادہ نشین آستانہ عالیہ جلالپور شریف پیر سید انیس حیدر اور سید نعمان حیدر کے تحصیل پنڈدادنخان کے کامیاب دورے،جگہ جگہ والہانہ استقبال ،پنڈدادنخان کے درودیوار اور فضا "سفیر حیدر ،انیس حیدر”کے نعروں سے گونج اُٹھی ،الیکشن سے قبل ہی الیکشن کا فیصلہ ہو گیا ،سینکڑوں کی تعداد میں لیگی کارکنان کی بھی شرکت۔

تفصیلات کے مطابق آستانہ عالیہ جلالپور شریف کے گدی نشین پیر سید انیس حیدر نے سید نعمان حیدر کے ہمراہ گزشتہ روز تحصیل پنڈدادنخان کے مضافاتی علاقوں کا دورہ کیا ،علاقے میں مریدین سمیت شہری حلقوں نے انکا فقید المثال استقبال کیا گیا اور پھولوں کے ہار پہنائے ،پیر آف جلالپور شریف کی آمد پر سینکڑوں کی تعداد میں مسلم لیگ (ن) کے کارکنان نے بھی استقبال میں شرکت کی۔

اپنے دوروں کے دوران خطاب کرتے ہوئے پیر سید انیس حیدر نے کہا کہ آج تحصیل پنڈدادنخان کی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے ،میں آپکو یقین دلاتا ہوں کہ پنڈدادنخان سمیت ضلع بھر کے غریب عوام کا احساس محرومی ختم کریں گے ،ہم نے اور آپ نے ملکر اسے ترقی کے راستے پر گامزن کرنا ہے ،عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے عوامی نمائندے الیکشن کو کاروبار سمجھ کر لڑتے ہیں مگر اب ایسا نہیں ہو گا ،عوام باشعور ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا زوال شروع ہو چکا ہے ختم نبوت کے معاملے سے چھیڑ خانی حکمرانوں کو لے ڈوبی ہے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے اور اپنی بادشاہت بچانے کے لیے حکمرانوں نے اس حساس مسئلے کو چھیڑا ہے جسے پیر آف سیال شریف پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کی قیادت میں غیور مسلمانوں نے انکی سازش کو ناکام بنا دیا میں حکمرانوں کو بتا دینا چاہتا ہوں کہ آقا کی ناموس پر ہم سب پہرہ دار ہیں ،اگلے الیکشن میں عوام اسلام اور پاکستان دشمنوں کو ووٹ کی طاقت سے باہر کریں گے۔

سید نعمان حیدر نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ اسلام اور پاکستان دشمنوں سے سرعام جنگ کا اعلان کرتا ہوں ،اسلام اور پاکستان دشمن سن لیں ! کہ ہماری اساس پر حملہ کی جرات کی تو پھر یہ جنگ محدود نہیں رہے گی ہم یہ جنگ پیر آف سیال شریف اور پیر آف جلالپور شریف کی قیادت میں تمہارے گھر تک لڑیں گے ،نبی کے دیوانے بھوک برادشت کر سکتے ہیں خود پر ظلم بھی برادشت کر لیں گے مگر اپنی اسلام اور اسلام کے قلعے پاکستان کی عزت پر کوئی آنچ آئے یہ کبھی برداشت نہیں کر سکتے۔

انہوں نے موجودہ حکمرانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب تمہارا یوم حساب قریب آ چکا ہے تم نے جو اس ملک کے ساتھ کیا ہے اس کا حساب تمہیں دینا ہو گا ،عوام جاگ چکے ہیں تبدیلی کی لہر چل چکی ہے اور یہ اب اپنی منزل پر جا کر ہی دم لے گی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.