دینہاہم خبریں

پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے کو کوٹلی مہسیاں کے لوگوں کیلئے خواب بنا دیا گیا

دینہ: ’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے ‘‘کو کوٹلی مہسیاں کے لوگوں کیلئے خواب بنا دیا گیا، پی ٹی آئی کے منتخب چیئر مین کو انتقامی طور پر فنڈز نہیں دیے جا رہے، سابق ایم پی اے اور (ن) لیگ کے سالار ِ لشکر چوہدری ندیم خادم نے ووٹ پی ٹی آئی کو دینے کی وجہ سے ہمیں سڑک سے محروم کر رکھا ہے ،خادم اعلیٰ پنجاب ہمیں بنیادی انسانی ضرورت سڑک بنوا کر دیں، اہل علاقہ کی دہائی۔

تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 62اور پی پی 25کے گاؤں مہسیاں کوٹلی کا راستہ مکمل طو ر پر ختم ہو چکا ہے ، گاڑیاں سڑک کھنڈرات ہونے کی وجہ سے کھٹارا بن چکی ہیں، ٹرانسپورٹرز اس روڈ پر گاڑیاں چلانے سے گریزاں ہیں ، اور اس وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامناہے۔

سڑک بنیادی انسانی حقوق میں سے ہے اور یہ واحد علاقہ سے جہاں پر جی ٹی رو ڈسے 10کلو میٹر ہونے کے باوجود سڑک تک موجود نہیں ہے، اور اس علاقہ کو جانے والے راستے میں ایک ریلوے ٹریک بھی آتا ہے جس پر کوئی اوور ہیڈ بریج بھی موجود نہیں جس وجہ سے سینکڑوں حادثات رونما ہو چکے ہیں۔

یہ حلقہ سابقہ تمام ادوار میں مسلم لیگ(ن) کا قلعہ سمجھا جاتا تھا اس کی یونین کونسل اڈرانہ ہے ، جس کی وجہ سے اسے فنڈز نہیں دیے جا رہے، کیوں کہ اس بد قسمت یونین کونسل کے رہائشیوں کا قصور یہ ہے کہ انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار برائے چیئر مین کو اپنی ووٹ کے ذریعے کامیاب کیا تھا۔

کوٹلی بہرام گاؤں کے ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم لوگ وفد کی صورت میں ایم این اے چوہدری خادم حسین کے بیٹے سابق ایم پی اے چوہدری ندیم خادم کے پاس گئے اور سڑک کا مطالبہ کیا تو انھوں نے صاف لفظوں میں جواب دیا کہ علاقہ پی ٹی آئی کا گڑھ ہونے کی وجہ سے ہم نے اپنی ترقیاتی لسٹ سے خارج کر دیا ہے، خادم اعلیٰ پنجاب سے اپیل ہے کہ ہمیں کشادہ سڑک اور واٹر سپلائی لائن فراہم کی جائے۔

اس سلسلہ میں جب چوہدری ندیم خادم سے موقف جاننے کیلئے ان کے موبائل نمبر 03009511119 پر رابطہ کیا گیا تو ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button